ممبئی :(ایجنسی)
مہاراشٹر کے سینئر رہنما اور این سی پی کے سربراہ شرد پوار نے منگل کی دوپہر میں کہا کہ مہاراشٹرا میں ڈھائی سال سے مہا وکاس اگھاڑی کی حکومت ٹھیک چل رہی ہے۔ بی جے پی نے انہیں تین بار گرانے کی کوشش کی ہے۔ لیکن اس بار بھی ان کی ہر چال ناکام ہوگی۔ ادھو حکومت کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔
شرد پوار نے کہا کہ یہ شیو سینا کا اندرونی معاملہ ہے۔ ایکناتھ شندے نے ہمیں کبھی نہیں بتایا کہ وہ وزیراعلیٰ بننا چاہتے ہیں۔ ادھو ٹھاکرے اس کا کوئی حل نکالیں گے۔ وہ بہتر قیادت دے رہے ہیں۔ وہ ایکناتھ شندے کو کچھ نئی ذمہ داری دیں گے۔ ہم ادھو ٹھاکرے کے ہر فیصلے کی حمایت کریں گے۔ اب کسی تبدیلی کی ضرورت نہیں ہے۔
شرد پوار نے اس موقع پر کہا کہ ہر طرح سے ہراساں کیے جانے کے باوجود مہا وکاس اگھاڑی نے حکومت بنائی۔ ہماری حکومت کو بننے سے روکنے کے لیے کون کون سے مسائل پیدا نہیں کیے گئے؟ پوار نے کہا کہ بی جے پی ہر وقت مکروفریب کی چالیں چلتی رہتی ہے۔ مہاراشٹر کے لوگ اسے برداشت نہیں کریں گے۔
شرد پوار نے کئی باتوں میں اشارہ دیا ہے کہ ایکناتھ شندے کو بھی نائب وزیر اعلیٰ کا عہدہ دیا جا سکتا ہے۔ حالانکہ انہوں نے نئی ذمہ داری کا لفظ استعمال کیا ہے۔ اس پریس کانفرنس کے بعد شرد پوار ممبئی جا رہے ہیں۔