اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمیناور سابق وزیراعظم عمران خان نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ منگل کے روز انھیں گرفتار کیا جا سکتا ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این کو دیئے گئے اپنے حالیہ انٹرویو میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ ’میری تمام سینیئر لیڈرشپ اس وقت جیل میں ہے اور مجھے لگ رہا ہے کہ منگل کو جب مجھے متعدد مقدمات میں ضمانت کے لیے عدالت میں پیش ہونا ہے تو 80 فیصد امکانات ہیں کہ میں گرفتارکر لیا جاوں گا۔‘
عمران خان نےدعویٰ کیا کہ ’ لگ رہا ہے کہ جمہوریت ختم کی جا رہی ہے۔ انتخابات کے لیے حکومت نے آئین سے انحراف کیا بلکہ سپریم کورٹ کا حکم بھی نہیں مانا۔ مجھے لگ رہا ہے کہ اکتوبر میں بھی انتخابات نہیں ہوں گے جب تک حکومت کو یقین نہ ہو جائے کہ تحریک انصاف کو ہرایا جا سکے گا۔ حکومت الیکشن سے خوفزدہ ہے اور حکومت ہر وہ قدم اٹھا رہی ہے جو جمہوریت کے منافی ہو۔‘