اسلام آباد :سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان نے احتجاجی مارچ دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس مارچ کے دوران ہی ٹانگ پر گولی لگنے سے زخمی ہونے کے بعد عمران خان ہسپتال میں زیر علاج تھے۔ تاہم ہسپتال سے گھر منتقل کیے جانے کے بعد اپنی پہلی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا،” اُسی وزیر آباد جہاں مجھے اور دیگر گیارہ افراد کو گولی لگی تھی، معظم شہید ہوا تھا، وہیں سے مارچ دوبارہ شروع کریں گے۔ میں ہر روز یہاں سے مارچ سے خطاب کروں گا۔
دس سے چودہ روز کے اندر لانگ مارچ پنڈی پہنچے گا۔‘‘ عمران خان کی طرف سے راولپنڈی سے مارچ کی قیادت سنبھالنے کو بھی معنی خیز قرار دیا جا رہا ہے۔ پاکستانی فوج کا صدر دفتر یا جی ایچ کیو اسی راولپنڈی شہر میں قائم ہے۔ عمران خان نے پوری قوم سے احتجاج میں شامل ہونے کی اپیل کرتے ہوئے کہا،”کسی سے ڈر کے اپنی آزادی اور ضمیر کا سودہ نہ کریں۔ خوف کو دور کریں سب کو بتا دیں ہم بھیڑ بکریاں نہیں ہیں۔ انصاف کی کمی اور قانون کی بالادستی کافقدان پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ ہے۔ غلامی کی زندگی سے میرا مرنا بہتر ہوگا۔‘‘۔