نئی دہلی : (ایجنسی)
مرکزی حکومت نے منگل کو پارلیمنٹ میں بتایا کہ اس نے 2018 سے 2021 کے درمیان پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کو دیے اشتہارات پر 1700 کروڑ روپے خرچ کیے ہیں۔ اطلاعات و نشریات کے وزیر انوراگ ٹھاکر نے آل انڈیا یونائیٹڈ ڈیموکریٹک فرنٹ (AIUDF) کے رکن پارلیمنٹ بدرالدین اجمل کے سوال کا جواب دیتے ہوئے یہ جانکاری دی۔
ٹھاکر نے تحریری جواب میں کہا، حکومت کی طرف سے دیے گئے اشتہارات کا بنیادی مقصد اپنے ہدف سے فائدہ اٹھانے والوں کو حکومت کی پالیسیوں اور اسکیموں کے بارے میں آگاہ کرنا ہے۔ وزارت کے ذریعہ شیئر کردہ اعداد و شمار کے مطابق، حکومت نے اخبارات کو دیے گئے اشتہارات پر کل 826.5 کروڑ روپے خرچ کیے ہیں۔
وزارت نے کہا کہ 2020-21 کے درمیان 6 ہزار 85 مختلف اخبارات میں 118.59 کروڑ روپے کے اشتہارات دیے گئے۔ وہیں2019-2020 کے درمیان 5365 اخبارات میں 200 کروڑ روپے اور 2018-19 کے درمیان 6119 اخبارات میں 507.9 کروڑ روپے کے اشتہارات دیے گئے۔
اس کے ساتھ ہی گزشتہ تین سالوں میں الیکٹرانک میڈیا کو اشتہارات کے لیے 193.52 کروڑ روپے دیے گئے۔ اس سے پہلے بھی انوراگ ٹھاکر پارلیمنٹ میں کہہ چکے ہیں کہ حکومت نے ٹینڈر یا نوکریوں کی بھرتیوں سے متعلق غیر مواصلاتی اشتہارات پر ہونے والے اخراجات کو کم کیا ہے۔