ناگپور:(ایجنسی)
راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے سینئر لیڈر اندریش کمار نے اسدالدین اویسی کے راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کے سربراہ موہن بھاگوت کے بیان پر جوابی ردعمل کے بعد شدید حملہ کیا ہے۔اے آئی ایم آئی ایم کے سربراہ اسد الدین اویسی پر حملہ کرتے ہوئے اندریش کمار نے کہا کہ اویسی گمراہ ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو آر ایس ایس اور گاندھی کی حب الوطنی میں فرق کرتا ہے وہ ہندوستانی یا سچا مسلمان نہیں ہو سکتا۔
اس سے قبل جمعہ کے روز وجے ہادشمی اور راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کے 96 ویں یوم تاسیس پر آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت نے سنگھ کارکنان سے خطاب کیاتھا۔ اے آئی ایم آئی ایم کے صدر اسد الدین اویسی نے ان کی تقریر پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بھاگوت کی تقریر جھوٹ اور آدھی سچائیوں سے بھری ہوئی تھی۔اویسی نے کہا تھا کہ سماج کو گاندھی کی حب الوطنی اور آر ایس ایس کے دھوکے کے درمیان انتخاب کرنا ہوگا۔ اویسی نے جمعہ کی رات کئی ٹویٹ کیا، جس میں انہوں نے موہن بھاگوت کو ان کی آبادی کی پالیسی، آرٹیکل 370 کی منسوخی اور دیگر تبصروں پر تنقید کا نشانہ بنایا۔
آر ایس ایس کے سینئر لیڈر اندریش کمار نے کہا کہ آر ایس ایس اور گاندھی کی حب الوطنی دنیا میں مشہور ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو آر ایس ایس اور گاندھی کی حب الوطنی میں فرق کرتا ہے وہ ہندوستانی یا سچا مسلمان نہیں ہو سکتا،وہ یقینا ایک گمراہ شخص ہے۔ اویسی کے بیان سے ظاہر ہوتا ہے کہ انہیں گمراہ کیا گیا ہے۔اویسی کو ہندوستان کی وحدت اور سالمیت کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے اندریش کمار نے ان پر ملک توڑنے کی کوشش کا الزام لگایا۔ انہوں نے کہا کہ اویسی ہندوستان کی وحدت اور سالمیت کیلئے خطرہ ہیں جو قوم کو ٹکڑے ٹکڑے کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کبھی قوم کو متحد کرنے کی کوشش نہیں کی اور نہ ہی کریں گے۔ ان کے بیانات سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ قوم اور دشمن کے خلاف کھڑے ہیں۔