مقبوضہ بیت المقدس :
مقبوضہ بیت المقدس میں اسلامی اوقاف کے ڈپٹی ڈائریکٹر الشیخ ناجح بکیرات نے کہا ہے کہ صہیونی ریاست کی غنڈہگردی کے باوجود ماہ صیام میں مسجد اقصیٰ کو نمازیوں اور عبادت گزاروں کے لیے کھلا رکھا جائے گا۔ الشیخ ناجح بکیرات نے ایک بیان میں کہا کہ تمام فلسطینیوں کو قبلہ اول میں داخل ہونے اور وہاں پر نماز ادا کرنے کا پورا حق ہے۔ انہوں نے قابض صہیونی دشمن کی طرف سے قبلہ اول کو کنٹرول کرنے اور مسجد اقصیٰ کے امور کو اسرائیلی قومی سلامتی کونسل کے حوالے کرنے کے اقدامات کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ الشیخ ناجح بکیرات نے کہا کہ اسرائیل ایک قابض ریاست کی حیثیت سے مسجد اقصیٰ کے امور کو اپنے ہاتھ میں لینے کے حربے استعمال کر کے یہ ثابت کیا ہے کہ اسرائیل فلسطینیوں کو قبلہ اول سے دُور کرنے کی دانستہ کوششیں کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ماہ صیام کی آمد سے قبلہ اول میں عبادت کے لیے تیاریاں اورانتظامات مکمل کیے جا چکے ہیں۔ دوسری جانب فلسطین کے سرکردہ قانون دان خالد زبارقہ نے کہا ہے کہ صہیونی دشمن مسجد اقصیٰ کو ہم سے چھیننے کی کوشش کررہا ہے جب کہ قبلہ اول کی سرپرستی کرنے والے ممالک بالخصوص اُردن اس حوالے سے اپنی ذمے داریوں کی انجام دہی کے بجائے خاموش تماشائی بنا ہوا ہے۔