نئی دہلی :(ایجنسی)
راجدھانی دہلی کے جہانگیر پوری میں ہنومان جینتی کے موقع پر ہوئے تشدد کے معاملے میں عام آدمی پارٹی کے ایم ایل اے آتشی نے بڑا دعویٰ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جہانگیرپوری فسادات کا کلیدی ملزم انصار بی جے پی لیڈر ہے۔
آتشی نے ٹویٹ کیا، ‘جہانگیرپوری فسادات کا کلیدیملزم انصار بی جے پی لیڈر ہے۔ انہوں نے بی جے پی کی امیدوار سنگیتا بجاج کو الیکشن لڑانے میں اہم کردار ادا کیا اور بی جے پی میں فعال کردار ادا کیا۔ آتشی نے مزید لکھا، اس سے صاف ہے کہ فسادات بی جے پی نے کروائے ہیں۔
آتشی نے اپنے آفیشل ٹویٹر ہینڈل سے کچھ تصاویر بھی شیئر کی ہیں۔ ان تصاویر میں جہانگیرپوری تشدد کا مرکزی ملزم انصار بی جے پی لیڈروں کے ساتھ اسٹیج پر نظر آرہا ہے۔ ایک تصویر میں انصار کو لوگوں کو ہاتھ دکھاتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔
اس سے پہلے آتشی نے جہانگیر پوری میں تشدد کے لیے بی جے پی کو ذمہ دار ٹھہرایا تھا۔ AAP ایم ایل اے آتشی نے کہا، بی جے پی دہلی کے صدر آدیش گپتا نے دو دن پہلے وزیر اعلیـ اروند کیجریوال کے گھر پر حملہ کرنے والے غنڈوں کو عزت دے کر پورے ملک میں یہ پیغام دیا ہے کہ وہ غنڈوں اور دبنگوں کے ساتھ ہیں۔ جہانگیرپوری واقعہ کی بھی تحقیقات کی جائیں تو پتہ چلے گا کہ فساد کرنے والے بی جے پی کے لوگ ہیں۔
آتشی نے یہ بھی کہا کہ بی جے پی فسادات کرواتی ہے۔ کل ہمارے قائدین نے بھی جلوس نکالا، پورا ماحول پرامن تھا۔ سندر کانڈ کے انعقاد میں وزیر اعلیٰ نے خود حصہ لیا، کوئی مسئلہ نہیں تھا، لیکن جب بی جے پی جلوس نکالتی ہے، اس کے لوگ شامل ہوتے ہیں، تب فسادات ہوتے ہیں۔