ممبئی:
بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رنوات نے اپنے پاسپورٹ کی تجدید کیلئے ممبئی ہائی کورٹ میں رجوع کیا ہے۔ انہوں نے عدالت میں درخواست دی ہے کہ پاسپورٹ اتھارٹی اس کے خلاف باندرا پولیس کی طرف سے بغاوت کے الزام میں نفرت انگیز ٹویٹ اور ایف آئی آر درج کرنے کی وجہ سے اس پر اعتراضات کر رہی ہے۔ اس معاملے میں ان کی بہن رنگولی چندیل بھی ملزم ہیں ۔
کنگنا نے اپنی درخواست میں لکھا ہے کہ چونکہ وہ ایک اداکارہ ہیں لہٰذا پیشہ ورانہ میٹنگ کے لیے ملک بھر کے علاوہ بین الاقوامی سفر کرنا پڑتاہے۔ کنگنا نے جانکاری دی ہے کہ انہیں ایک فلم کی شوٹنگ کرنی ہے جس میں ان کا لیڈ رول ہے، جس کے لیے انہیں 15 جون سے اگست 2021 تک بوڈاپیسٹ کا سفر کرنا ہے۔
کنگنا نے اپنی درخواست میں بتایا ہے کہ اس کا پاسپورٹ ستمبر 2021 میں ختم ہوجائے گا، جس کی وجہ سے انہیں اپنا پاسپورٹ تجدید کروانا ہے،لیکن ان کے خلاف درج بغاوت کے معاملے کے سبب ان کی مصیبتیں بڑھتی ہوئی نظر آرہی ہیں، حالانکہ ابھی تک ہائی کورٹ کی طرف سے اس پر کوئی بھی جواب نہیں آیا ہے کہ کنگنا کا پاسپورٹ تجدید کی جانی چاہئے یا نہیں۔
بتادیں کہ بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رنوات اپنے بے باک تبصروں کی وجہ سے ہمیشہ سرخیوں میں رہتی ہیں۔ اداکارہ نے حال ہی میں بنگال انتخابات کے بعد بھڑکے دنگوں پر کئی ٹوئٹس کئے، اس کے علاوہ انہوں نے ممتا بنرجی پر بھی قابل اعتراض الفاظ کا استعمال کیا، جس کے بعد ٹوئٹر نے ان کے خلاف ایکشن لیا اور ان کا ٹوئٹر اکاؤنٹ معطل کردیا۔