کولکاتا :
بنگال انتخابات میں ریکارڈ جیت درج کرنے کے بعد اب وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی 26 سے 30 جولائی تک دہلی کا دورہ کررہی ہیں۔ یوں تو ممتا بنرجی اس دوران پی ایم مودی سے بھی ملاقات کرنے والی ہیں لیکن عین اسی دن دیدی نے اپوزیشن پارٹیوں کے سینئر لیڈروں کے ساتھ بھی میٹنگ بلائی ہے۔ اس میٹنگ کو اب ایک بار پھر سے یہ قیاس آرائی شروع ہوگئی ہے کہ کیا ممتا 2024 کے لیے اینٹی بی جے پی فرنٹ بنانے کی تیاری میں مصروف ہوگئی ہیں۔
ٹی ایم سی کے سینئر لیڈروں کے مطابق دہلی دورے پر ممتا بنرجی بنگال بھون میں اپوزیشن پارٹیوں کے سینئر لیڈروں سے ملاقات کرسکتی ہیں ،جس کے لیے انہوں نے دعوت نامہ بھی بھیج دیا ہے ۔ میٹنگ فی الحال 28 جولائی کو دوپہر تین بجے رکھی گئی ہے ۔ اس سے پہلے اسی دن ممتابنرجی وزیر اعظم مودی سے دوپہر میںملاقات کریں گی۔
ممتا بنرجی نے 21 جولائی کی میٹنگ کے دوران این سی پی سربراہ شرد پوار اور کانگریس لیڈر پی چدمبرم سے اپوزیشن لیڈروں کی ایک میٹنگ منعقد کرنے کو لے کر کہا تھا۔ ٹائمس آف انڈیا کی خبر کے مطابق اب ٹی ایم سی نے ہی اس میٹنگ کاانعقاد کاذمہ اٹھایا ہے ۔
خبر کے مطابق21 جولائی کی میٹنگ کے بعد ہی دہلی پہنچ چکے ، ترنمول کانگریس کے جنرل سکریٹری اور ممتا کے بھتیجے ابھیشک بنرجی اور انتخابی پالیسی ساز پرشانت کشور اپوزیشن پارٹیوں کے ایک محاذ میں جان پھونکنے میں اہم رول ادا کررہے ہیں۔
اس سے قبل 21 جولائی کو ہونے والی ورچوئل میٹنگ میں پوار اور چدمبرم کے علاوہ این سی پی کی سپریا سولے ، کانگریس کے دگ وجے سنگھ ، ایس پی سے رام گوپال یادو اور جیہ بچن ، ڈی ایم کے سے تروچی سیوا ، ٹی آر ایس سے کے کیشیو راؤ ، آر جے ڈی سے منوج جھا ، شیوسینا سے پرینکا چترویدی اور شرومنی اکالی دل سےبلوندر سنگھ بھوندرشامل ہوئے تھے ۔یہ ممکن ہے کہ بنگال بھون میں ہونے والی میٹنگ میں یہ تمام پارٹیاں شامل ہوں۔