بھارت میں انجینئرنگ کے اعلیٰ ترین سرکاری تعلیمی ادارے انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (آئی آئی ٹی) منڈی (ہماچل پردیش) کے ڈائریکٹر لکشمی دھر بیہیرا کی ایک ویڈیو ان دنوں تنازع کا سبب بنا ہوا ہے، جس میں وہ طلبہ سے اس بات کا حلف لے رہے ہیں کہ وہ ایک نیک انسان بننے کے لیے گوشت کھانا بند کر دیں گے۔
ویڈیو میں وہ طلبہ سے پوچھتے ہیں، "ایک اچھا انسان بننے کے لیے آپ کو کیا کرنا ہو گا؟ آپ کو گوشت نہیں کھانا ہو گا۔” اس کے بعد وہ طالب علموں کو حلف لینے کے لیے کہتے ہیں،”میں گوشت نہیں کھاؤں گا۔” پروفیسر بیہیرا طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہتے ہیں، "اگر بے گناہ جانوروں کو ذبح کرنا بند نہ کیا گیا تو ہماچل پردیش میں زبردست بارش اور سیلاب کا سلسلہ اسی طرح جاری رہے گا۔”
وہ کہتے ہیں، "جانوروں کو ذبح کرنے اور ماحولیات کی تباہی میں ایک باہمی تعلق ہے، جو آپ کو نظر تو نہیں آتا ہے لیکن واقعتا ایسا ہے۔” ویڈیو میں وہ مزید دعوے کرتے ہوئے کہتے ہیں، "…بڑے پیمانے پر چٹانیں کھسکنے کے واقعات اور دیگر قدرتی آفات، مثلاً بادل پھٹنے وغیرہ جیسے واقعات آپ بار بار دیکھیں گے۔ یہ سب کچھ اسی…بے رحمی… کے سبب ہے۔”
ہماچل پردیش سنٹرل یونیورسٹی میں ارضیاتی اور ماحولیاتی سائنس کے پروفیسر امبریش کمار مہاجن نے پروفیسر بیہیرا کے بیان کو افسوس ناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہماچل پردیش میں حالیہ تباہی جیولوجیکل اور اینتھرو پوجینک اسباب کی بنا پر ہوئی ہے