لکھنو:(ایجنسی)
یوگی آدتیہ ناتھ جمعہ کے روز لکھنؤ کے ایکانہ اسٹیڈیم میں منعقد حلف برداری تقریب میں دوسری بار ریاست کے وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف اٹھایا۔ یوگی حکومت کی دوسری مدت کار میں پہلے کابینہ کے ناموں میں جہاں بہت سارے ناموں پر بحث ہو رہی تھی۔ ان سب کے درمیان سب کی نگاہیں مسلم چہرے پر تھی۔ اس بار محسن رضا کی چھٹی کردی گئی ہے، ان کی جگہ دانش آزاد انصاری یوگی کابینہ میں مسلم چہرہ ہوں گے۔ بلیا ضلع کی بانس ڈیہہ اسمبلی واقع اپایل گاؤں کے رہنے والے دانش آزاد اترپردیش میں بی جے پی اقلیتی مورچہ کے ریاستی مہا منتری ہیں۔ دانش آزاد یوپی حکومت کے اردو کمیٹی کے رکن بھی رہ چکے ہیں۔
لکھنؤ یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کرنے والے دانش آزاد انصاری طالب علمی کے زمانے میں ہی اکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشد (اے بی وی پی) سے جڑ گئے تھے۔ واضح رہے کہ یوگی حکومت کے پہلی مدت کار میں ایم ایل سی محسن رضا ہی واحد مسلم چہرہ تھے، جنہیں کابینہ میں جگہ دی گئی تھی۔ وہ یوگی آدتیہ ناتھ کابینہ میں اقلیتی فلاح وبہبود مسلم وقف اور ریاستی حج وزیر رہے۔
گزشتہ پانچ سالوں میں محسن رضا نے ریاستی وزیر کے طور پر بی جے پی حکومت کا موقف میڈیا کے سامنے پیش کیا۔ واحد مسلم چہرے کے طور پر ان کی ذمہ داریاں تھیں، لیکن اس بار یوگی حکومت نے محسن رضا پر بھروسہ نہیں جتایا، حالانکہ کہا جاتا ہے کہ سیاست میں جس کی بحث زیادہ ہوئی، اس کا پرچہ کٹنے میں وقت نہیں لگتا اور شاید یہی وجہ رہی کہ محسن رضا کے نام پر سب سے زیادہ بھروسہ ظاہر کیا جا رہا تھا۔ تو محسن رضا کے نام کو درکنار کرتے ہوئے دانش آزاد کو موقع دیا گیا۔