نئی دہلی:(ایجنسی)
حضرت نظام الدین تبلیغی مرکز میں واقع بنگلہ والی مسجد فی الحال کھلی رہے گی۔ دہلی ہائی کورٹ نے پیر کو نظام الدین تبلیغی مرکز کی مسجد کو 14 اکتوبر تک عوام کے لیے کھلا رکھنے کی اجازت دے دی۔ اس سے قبل پولیس نے کورونا پابندیوں کے درمیان صرف ماہ رمضان کے لئے مسجد کو دوبارہ کھولنے کی اجازت دی تھی۔ اس طرح نظام الدین مرکز میں واقع مسجد عید میں بھی کھلی رہے گی ۔
عدالت نے مسجد انتظامیہ کو داخل ہونے اور باہر نکلنے کے ساتھ ساتھ سیڑھیوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے اور فوٹیج کا ریکارڈ رکھنے کی بھی ہدایت دی ہے۔ عدالت نے یہ حکم دہلی وقف بورڈ کی اس درخواست پر دیا ہے جس میں نظام الدین مرکز میں واقع بنگلہ والی مسجد کو مکمل طور پر کھولنے کی مانگ کی گئی ہے ۔
بتا دیں کہ مرکز میں کورونا قوانین کی خلاف ورزی کے معاملہ کے سلسلے میں عوام کے داخلے پر پابندی لگا دی گئی تھی۔ مرکز نظام الدین کے بند ہونے کے تقریباً دو سال بعد دہلی ہائی کورٹ نے 16 اکتوبر کو شب برات کے موقع پر عقیدت مندوں کی تعداد کی حد کو ہٹا دیا تھا ۔
پچھلی مرتبہ پولیس نے انتظامیہ کو غیر ملکی زائرین کے داخلے کیلئے شرائط والا ایک نوٹس بورڈ لگانے کا بھی حکم دیا تھا۔ گزشتہ سال رمضان اور شب برات کے موقع پر صرف 50 افراد کو نماز پڑھنے کی اجازت دی گئی تھی اور یہ منظوری بھی عدالت کے حکم کی بنیاد پر ملی تھی۔