نئی دہلی :(ایجنسی)
کانگریس نے راجیہ سبھا انتخابات کے امیدواروں کا اعلان کر دیا ہے۔ پارٹی کی طرف سے جاری کردہ فہرست میں 10 امیدواروں کے نام شامل ہیں، جس میں پی چدمبرم کو تمل ناڈو، جے رام رمیش کو کرناٹک، راجیو شکلا کو چھتیس گڑھ، پرمود تیواری اور راجستھان سے مکل واسنک کو ٹکٹ دیا گیا ہے۔
اس فہرست میں سب سے چونکا دینے والا نام عمران پرتاپ گڑھی کا ہے جنہیں مہاراشٹر سے راجیہ سبھا کا امیدوار بنایا گیا ہے۔ ان کا نام سامنے آتے ہی کانگریس میں بھی باغیانہ تیور دیکھنےکو مل رہی ہے ۔ کانگریس کے کچھ لیڈروں نے عمران کا نام لے کر پارٹی ہائی کمان کو براہ راست نشانہ بنایا ہے۔
راجیہ سبھا کے لیے فہرست جاری ہونے کے بعد کانگریس کے کچھ لیڈر خاموش ہیں، لیکن کچھ آواز اٹھاتے نظر آرہے ہیں۔ اس میں سب سے پہلا نام پارٹی کے ترجمان پون کھیڑا کا ہے۔ 10 امیدواروں کے ناموں کا اعلان ہونے کے بعد انہوں نے ٹویٹ کر کے ردعمل کا اظہار کیا۔ وہ صرف اشاروں میں اپنی بات رکھی۔ پون کھیڑا نے ٹویٹ کیا، شاید میری تپسیا میں کچھ کمی تھی۔ ان کے اس بیان کو براہ راست پارٹی کے فیصلے کے خلاف سمجھا جا رہا ہے۔
پون کھیڑا کے علاوہ اداکارہ اور کانگریس لیڈر نغمہ نے بھی اپنا ردعمل ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے عمران پرتاپ گڑھی کے حوالے سے پارٹی ہائی کمان کو براہ راست نشانہ بنایا ہے۔ پون کھیڑا کے ٹویٹ کو ری ٹویٹ کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ عمران بھائی کے سامنے ہماری 18 سال کی تپسیا کم پڑ گئی۔ اس کے بعد نغمہ نے ایک اور ٹویٹ کے ذریعے پارٹی صدر سونیا گاندھی کو نشانہ بنایا ہے۔ نغمہ نے لکھا، ’’میں نے 2003-04 میں سونیا جی کے کہنے پر پارٹی میں شمولیت اختیار کی، جب انہوں نے مجھے راجیہ سبھا بھیجنے کے لیے کہا۔ اس کے بعد 18 سال گزر چکے ہیں لیکن ہمیں موقع نہیں ملا۔ ساتھ ہی عمران پرتاپ گڑھی کو مہاراشٹر سے راجیہ سبھا بھیجا جا رہا ہے۔ کیا میں کم اہل ہوں؟