نئی دہلی :(ایجنسی)
دہلی میں دی کشمیر فائلز فلم پر وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کے بیان کے بعد عام آدمی پارٹی (اے اے پی) اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رہنما ایک دوسرے کے آمنے سامنے ہیں۔ گزشتہ چند دنوں سے دونوں پارٹیوں کے درمیان رسہ کشی جاری ہے۔ اس درمیان خبر ہے کہ مشرقی دہلی میونسپل کارپوریشن ہاؤس کی میٹنگ میں کافی ہنگامہ ہوا۔ دونوں پارٹیوں کے کونسلرز کے درمیان ہاتھا پائی ہوئی۔ اس کی ایک ویڈیو سامنے آئی ہے، جس میں رہنماؤں کے درمیان جھڑپ دیکھی جا سکتی ہے۔ اس کے ساتھ ہی پولیس مداخلت کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
معلومات کے مطابق، بی جے پی کونسلر کیجریوال کے بیان کو لے کر ایوان کی میٹنگ میں مذمت کی تحریک لائے تھے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ وزیر اعلیٰ نے دہلی اسمبلی میں کشمیری پنڈتوں کا مذاق اڑایا ہے۔ آپ لیڈروں اور کونسلروں کو اس پر معافی مانگنی چاہئے۔ اسی دوران آپ کے کونسلر قائد ایوان کے پاس پہنچے اور پھر کافی ہنگامہ ہوا۔
اس سے قبل دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کے گھر پر حملے کی خبریں منظر عام پر آئی تھیں۔ اس بارے میں جانکاری دیتے ہوئے ڈپٹی سی ایم منیش سسودیا نے کہا تھا کہ سماج دشمن عناصر نے دہلی میں وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کے گھر پر حملہ کیا اور سی سی ٹی وی کیمروں اور حفاظتی رکاوٹوں کو توڑ دیا۔ گیٹ پر لگائے گئے بوم بیریئر بھی توڑے گئے۔