رامپور:(آر کے بیورو)
سیتا پور جیل انتظامیہ نے عدالت کو خط لکھ کر نومنتخب ایم ایل اے اعظم خاں کی حلف برداری کے عمل کی اجازت مانگی ہے۔ عدالت نے جیل انتظامیہ کا خط ریکارڈ پر رکھنے کا حکم دے دیا۔
ایس پی کے قد آور لیڈر اعظم خاں دو سال سے زیادہ عرصے سے سیتا پور جیل میں بند ہیں۔ ان کے خلاف رام پور کے مختلف تھانوں میں 87 مقدمات درج ہیں۔ جو رامپور کی مختلف عدالتوں میں زیر سماعت ہیں۔انیمی پراپرٹی کے معاملے میں ان کی ضمانت ہونا باقی ہے۔ دیگر تمام مقدمات میں عدالت نے ان کی ضمانت منظور کر لی ہے۔ انہوں نے جیل سے رام پور کے ایم پی رہتے ہوئے سٹی اسمبلی حلقہ سے الیکشن لڑا اور جیت گئے۔ جس کے بعد اعظم خاں نے پارلیمنٹ کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا اور ایم ایل اے رہنے کا فیصلہ کیا۔
نئی حکومت کی حلف برداری کے بعد اسمبلی میں اراکین اسمبلی کی حلف برداری کا عمل جاری ہے۔ اس دوران سیتا پور جیل انتظامیہ نے رامپور کورٹ کو خط لکھا ہے کہ اعظم خاں کو اسمبلی میں حاضر ہونے اور حلف لینے کی اجازت دی جائے۔ خط کی کاپی ایم پی-ایم ایل اے کورٹ مجسٹریٹ ٹرائل میں داخل کی گئی ہے۔ عدالت نے سماعت کرتے ہوئے خط کو ریکارڈ پر رکھنے کا حکم دے دیا۔