مراد آباد :(ایجنسی)
اترپردیش کے مرادآباد میں اعظم خاں کے قریبی ایس پی لیڈر یوسف ملک کے خلاف یوگی سرکار نے بڑی کارروائی کی ہے ۔ جانکاری کے مطابق سرکار نے یوسف ملک پر ایڈیشنل میونسپل کمشنر کو دھمکی دینے کے الزام میں این ایس اے لگایا گیا ہے ۔
پولیس نے ایس پی لیڈر یوسف ملک کے خلاف نیشنل سیکورٹی ایکٹ (این ایس اے) کی کارروائی کی سفارش کی تھی۔ میونسپل انتظامیہ نے بقایا ٹیکس کی وصولی کے لیے یوسف ملک کے سمدھی کے گھر کو سیل کر دیا تھا۔ اس معاملے میں یوسف ملک نے ایڈیشنل میونسپل کمشنر انل کمار سنگھ کے ساتھ بدسلوکی کی تھی اور انہیں فون پر دھمکی دی تھی۔
اس معاملے میں پولیس نے یوسف ملک کے سمدھی، داماد اور ملک کے بھائیوں کو گرفتار کر کے جیل بھیج دیا تھا، جبکہ یوسف ملک نے رامپور میں پہلے سے چل رہےایک مقدمے میں خود سپردگی کردی تھی۔ جس پر اسے جیل بھیج دیا گیا۔ بعد ازاں مرادآباد پولیس ٹرانزٹ ریمانڈ پر یوسف کو رامپور سے مرادآباد لائی۔ یوسف ملک کی ضمانت ابھی باقی ہے۔
دریں اثنا، پولیس نے ضلع افسر کو ان کے خلاف این ایس اے کے تحت کارروائی کرنے کی تجویز بھیجی ہے۔ پولیس کے مطابق یوسف ملک کے خلاف مختلف تھانوں میں اور مختلف دفعات کے تحت 17 مقدمات درج ہیں۔