نئی دہلی :(ایجنسی)
انتخابی پالیسی ساز پرشانت کشور نے کانگریس میں شامل ہونے سے انکار کر دیا ہے۔ گزشتہ کئی دنوں سے پرشانت کشور کے کانگریس میں شامل ہونے کی قیاس آرائیاں ہو رہی تھیں۔ انہوں نے کانگریس صدر سونیا گاندھی سمیت پارٹی کے تمام بڑے لیڈروں سے بھی کئی دور کی میٹنگیں کیں۔
لیکن پرشانت کشور کا کانگریس میں شامل ہونے سے انکار ظاہر کرتا ہے کہ بات چیت کامیاب نہیں ہوئی۔
کانگریس کے قومی ترجمان رندیپ سرجے والا نے ٹویٹ کرکے اس کی جانکاری دی۔ انہوں نے کہا ہے کہ کانگریس صدر سونیا گاندھی نے پرشانت کشور کی طرف سے ملنے والی تجاویز کے بعد بااختیار ایکشن گروپ 2024 تشکیل دیا تھا اور پرشانت کشور کو اس گروپ کے رکن کے طور پر پارٹی میں شامل ہونے کو کہا گیا تھا لیکن انہوں نے انکار کر دیا ہے۔ سرجے والا نے کہا کہ کانگریس پرشانت کشور کی کوششوں اور تجاویز کی تعریف کرتی ہے۔
پرشانت کشور نے خود ٹویٹ کرکے اس بارے میں صورتحال کو مزید واضح کیا ہے۔
پچھلے سال بھی پرشانت کشور کی کانگریس قیادت کے ساتھ کئی دور کی بات چیت ہوئی تھی لیکن اس کے باوجود کانگریس میں ان کا داخلہ نہیں ہو سکا تھا۔ پانچ ریاستوں کے انتخابات میں کراری شکست کے بعد پرشانت کشور خود کانگریس میں آئے اور کانگریس صدر سمیت کئی بڑے لیڈروں کو پریزنٹیشن دیں۔