نئی دہلی :(ایجنسی)
حکمراں عام آدمی پارٹی نے دہلی کی راجندر نگر اسمبلی سیٹ کے ضمنی انتخاب میں کامیابی حاصل کی ہے۔ ووٹوں کی گنتی شروع ہونے کے بعد سے عام آدمی پارٹی کے امیدوار درگیش پاٹھک آگے تھے۔ انہوں نے آخر تک اپنی برتری برقرار رکھی اور 11 ہزار سے زائد ووٹوں سے کامیابی حاصل کی۔ ووٹوں کی گنتی صبح 8 بجے شروع ہوئی۔ اس ضمنی انتخاب میں بی جے پی کے راجیش بھاٹیہ دوسرے نمبر پر رہے، جبکہ کانگریس کے امیدوار تیسرے نمبر پر رہے۔ AAP کے ترجمان سوربھ بھاردواج نے کہا کہ پارٹی کے درگیش پاٹھک نے راجندر نگر سیٹ پر 11,555 ووٹوں سے کامیابی حاصل کی ہے۔
وہیں جیت درج کرنے کے بعد، AAP امیدوار درگیش پاٹھک نے کہا، ’’یہ وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کی جیت ہے، یہ AAP کے کام کی جیت ہے۔ بی جے پی کا یہاں کوئی ایجنڈا نہیں تھا، وہ پہلے ہی دن الیکشن ہار چکی تھی۔ انہیں یہاں آنے والے بلدیاتی انتخابات سمیت ہر الیکشن میں شکست ہوگی۔‘‘
AAP امیدوار درگیش پاٹھک کو 40319 ووٹ ملے، بی جے پی کے راجیش بھاٹیہ کو 28851 ووٹ ملے اور کانگریس کی پریم لتا کو 2014 ووٹ ملے۔ شروع سے ہی بی جے پی اور عام آدمی پارٹی کے درمیان مقابلہ تھا۔ کانگریس کی پریم لتا تیسرے نمبر پر رہیں۔ ضمنی انتخاب میں کل 14 امیدوار میدان میں تھے۔ ضمنی انتخاب میں AAP امیدوار کو 55.78 ووٹ ملے۔
راگھو چڈھا کے استعفیٰ سے یہ سیٹ خالی ہوئی تھی:
23 جون کو ہوئے ضمنی انتخاب میں تقریباً 43.75 فیصد ووٹنگ ہوئی تھی۔ یہ سیٹ AAP لیڈر راگھو چڈھا کے راجیہ سبھا کے لیے منتخب ہونے کے بعد خالی ہوئی تھی۔ عام آدمی پارٹی نے اس سیٹ سے درگیش پاٹھک کو اپنا امیدوار بنایا ہے، جب کہ بی جے پی نے راجیش بھاٹیہ پر اعتماد ظاہر کیا تھا۔ وہیں کانگریس نے پریم لتا کو اپنا امیدوار بنایا تھا۔
2020 کے اسمبلی انتخابات کے دوران راجندر نگر اسمبلی سیٹ پر 58.27 فیصد پولنگ ریکارڈ کی گئی تھی۔ تاہم اب تک ہوئے ضمنی انتخابات میں تقریباً 44 فیصد ووٹنگ ہوئی ہے۔ ایسے میں نتائج کو لے کر طرح طرح کی قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں۔