جے پور :(ایجنسی)
22 سالہ نوجوان کے قتل کے بعد بھیلواڑہ میں ایک بار پھر کشیدگی کا ماحول ہے۔ صورتحال کے پیش نظر انٹرنیٹ بند کر دیا گیا ہے۔ اس معاملے میں بی جے پی اور وشو ہندو پریشد نے بدھ کو بند کی کال دی تھی۔
اطلاعات کے مطابق ایک برادری کے نوجوان کو دوسری برادری کے لوگوں نے چاقو سے گود کر قتل کر دیا ہے۔ قتل کی یہ واردات منگل کی رات کوتوالی تھانے کے علاقے میں ہوئی۔ واقعہ کے بعد اسے ضلع اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔
ستیہ ہندی ڈاٹ کام کی خبر کے مطابق صورتحال کو دیکھتے ہوئے علاقے میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حالات قابو میں ہیں۔ پولیس نے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور امن برقرار رکھیں۔ کچھ دن پہلے بھیلواڑہ میں ایک کمیونٹی کے دو نوجوانوں کی پٹائی کے بعد زبردست فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا ہوگئی تھی۔
راجستھان میں گزشتہ کچھ دنوں سے ماحول کافی کشیدہ ہے۔ کرولی میں ہنومان جینتی کے موقع پر جلوس کے دوران اور جودھپور میں پرشورام جینتی اور عید کے موقع پر تشدد کے واقعات پیش آئے۔
9 مئی کی رات بھرت پور میں دو برادریوں کے لوگوں میں جھڑپ ہوئی اور پولیس نے موقع پر پہنچ کر حالات کو قابو میں کیا۔ ان واقعات پر بی جے پی اور کانگریس آمنے سامنے ہیں۔