واشنگٹن :(ایجنسی)
روس اور یوکرین کے درمیان کئی دنوں سے جاری جنگ کا معاملہ بہت سنگین ہونے لگا ہے۔ امریکی صدر جو بائیڈن نے جمعہ کے روز کہا کہ اگر روس نے یوکرین کے خلاف کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال کیا تو اسے بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔ روس نے یوکرین اور امریکہ پر حیاتیاتی اور کیمیائی ہتھیار بنانے کا الزام لگایا تھا۔
جمعہ کو روس کی درخواست پر حیاتیاتی ہتھیار بنانے کے معاملے پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بھی ہوا۔
بائیڈن نے اس بات کا اعادہ کیا کہ امریکی فوج یوکرین میں روس کے خلاف جنگ نہیں لڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ نیٹو ممالک اور روس کے درمیان براہ راست تصادم تیسری عالمی جنگ کا باعث بنے گا اور ہمیں اسے روکنے کی کوشش کرنی چاہیے۔
بائیڈن کا یہ کہنا ہے کہ نیٹو اور روس کے درمیان ٹکراؤ تیسری عالمی جنگ کا باعث بنے گا ایک بہت سنگین معاملہ ہے۔ کیونکہ پھر باقی دنیا بھی اس جنگ میں کود پڑے گی اور اگر ایسا ہوا تو تباہی ہوگی جو پوری دنیا کے لیے کبھی نہ ختم ہونے والی مصیبتیں لے کر آئے گی۔