نئی دہلی :(پریس ریلیز)
ایس آئی او آف انڈیا نے ادے پور کے واقعہ کی سخت مذمت کی ہے ۔ایس آئی او کے صدر محمد سلمان احمد نے میڈیا کو جاری بیان میں کہا کہ ہم ادے پور میں کنہیا لال کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ متعلقہ حکام کے ذریعے اس واقعہ کی بروقت تفتیش کی جانی چاہئے اور تمام قصورواروں کو قانون کے مطابق سزا دی جانی چاہئے۔ اس طرح کے تشدد کا کوئی جواز نہیں ہے۔
یہ واقعہ سیاسی اور نظریاتی فائدے کے لئے معاشرے میں بڑھتی ہوئی فرقہ واریت اور عدم برداشت کے خطرات کو بے نقاب کرتا ہے۔ نفرت پھیلانے والوں کو چھوٹ دینے اور ملک میں پھوٹ ڈالنے کا الزام حکومت اور میڈیا دونوں پر جاتا ہے۔ ہم اپنے ہم وطنوں سے اپیل کرتے ہیں کہ غم کی اس گھڑی میں امن، ہم آہنگی اور یکجہتی برقرار رکھیں۔
واضح رہے کہ اس طرح کا واقعہ کسی بھی طرح سے اسلام اور پیغمبر محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات کی عکاسی نہیں کرتا جو رحمت اور سخاوت کا سرچشمہ ہیں۔ آپ ﷺ نے انسانیت کو ایک دوسرے کے ساتھ محبت اور ہمدردی کا درس دیا اور اپنے دشمنوں کو بھی معاف کر دیا۔
اور نہ ہی یہ واقعہ ہندوستانی مسلم سماج کی نمائندگی کرتا ہے، جو نفرت کا سب سے زیادہ شکار رہی ہے اور فرقہ پرستی کے خلاف لڑائی میں سب سے آگے ہے۔ اس طرح کے گِھناؤنے جرم کے بہانے مسلم کمیونٹی کو تکلیف دینے سے مسئلہ حل نہیں ہوگا بلکہ مزید بڑھے گا۔