لکھنؤ :
اتر پردیش میں کورونا انفیکشن کے بڑھتے ہوئے معاملات کے پیش نظر ریاستی حکومت نے کلاس ایک سے بارہویں جماعت کے تمام اسکولوں میں 10 مئی تک چھٹی رکھنے کا حکم جاری کیا ہے۔ اس دوران کوچنگ انسٹی ٹیوٹ بھی بند رہیں گے۔ دوسری طرف آن لائن کلاس بھی ملتوی کردی گئیں ہیں۔ نیز حکم میں ہفتہ وار کورونا کرفیو کو جمعہ کی صبح آٹھ بجے سے منگل کی صبح سات بجے تک نافذ کرنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔
آرڈر میں کہا گیا ہے کہ کورونا کرفیو کے دوران صنعتی سرگرمیاں جاری رہیں گی۔ ویکسینیشن کے لئے سفر کرنے والوں کو بھی چھوٹ دی جائے گی۔ اس کے علاوہ صرف ضروری خدمات جاری رہیں گی۔ ضرورت کے مطابق پاسیں جاری کی جاسکتی ہیں۔ ہر روز مریضوں کے لواحقین کو ان کے مریضوں کی صحت سے آگاہ کرنا ضروری ہے۔ اس نظام کو تمام سرکاری اور نجی اسپتالوں میں موثر طریقے سے نافذ کرنا ہوگا۔ چیف سکریٹری آفس کو اس انتظامات کا جائزہ لینا ہوگا۔