الریاض:
صحن مطاف میں خانہ کعبہ کا طواف کرنے والے روزہ دار معتمرین نے طواف کے دوران گرمی یا بارش سے بچنے کے لیے چھتریوں کا استعمال کرتے ہیں۔ صحن مطاف میں معتمرین کی سامنے آنے والی حیرت انگیز تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ زائرین میں بیشتر نے سبز رنگ کی چھتریاں اٹھا رکھیں ہیں۔ ان سبز چھتریوں سے ایسا منظر بن کر ابھرا ہے جیسے صحن مطاف ایک سرسبز باغیچہ ہو۔
خیال رہے کہ سعودی عرب کی وزارت مذہبی امور کی طرف سے مسجد حرام میں آنے والے نمازیوں اور معتمرین کے لیے’تحفظ اور سایہ ‘کے عنوان سے ایک پروگرام شروع کیا ہے جس کے تحت زائرین اور معتمرین میں لاکھوں کی تعداد میں چھتریاں تقسیم کی گئی ہیں۔ اس پروگرام کے تحت اڑھائی لاکھ سے زاید چھتریاں تقسیم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
مکہ معظمہ میں وزارت مذہبی امور کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر سالم الخامری نے بتایا کہ چتھریاں فراہم کرنے کے ان کے اقدام کا مقصد زائرین اور معتمرین کو طواف بیت اللہ کے دوران ماہ صیام میں دھوپ سے بچانا اور انہیں زیادہ درجہ حرارت میں سایہ فراہم کرنا ہے۔