القدس:
اسرائیل کے مقبوضہ بیت المقدس (یروشلم) کے نواح میں لگنے والی آگ متعدد دیہات تک پھیل گئی ہے۔بدھ کے روز القدس کے نواح میں جنگلی درختوں میں شدید آگ بھڑک اٹھی اور اس نے دیکھتے ہی دیکھتے ایک بڑے علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
اس کے بعد شہرکے نواح میں واقع بعض دیہات کو خالی کرالیا گیا ہے جبکہ درجنوں اسرائیلی فائر فائٹر اور 10 فضائی ٹینکروں کے ذریعے آگ بجھانے کی کوشش کی جارہی تھی۔
اسرائیلی پولیس نے بتایا ہے کہ یروشلم سے تل ابیب جانے والی مرکزی شاہراہ اور ریلوے لائن دونوں کو ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا۔یہ شاہراہ اور ریلوے لائن ان دونوں شہروں کو ملاتی ہے۔
اسرائیلی حکام نے آگ لگنے کی وجہ کے بارے میں فوری طور پرکوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔آگ بڑی تیزی سے شہری آبادی کے نزدیک واقع جنگلوں میں پھیل گئی تھی اور یروشلم کے نواح میں واقع پہاڑیوں پرآسمان کی جانب سیاہ دھواں اٹھ رہا تھا۔
اسرائیلی پولیس نے بتایا ہے کہ آگ لگنے کے بعد معالے ہاہمیشا اور یاد ہاشمونا دیہات کو خالی کرا لیا گیا ہے۔اسرائیلی ٹیلی ویژن اسٹیشنوں نے آگ سے متاثرہ علاقےکی فوٹیج نشر کی ہے۔اس میں دھویں اور آگ کے شعلے بلند ہوتے دیکھے جاسکتے ہیں۔