اعظم گڑھ :شردھا قتل کیس کے بعد ملک میں قتل کا ایک اور بھیانک معاملہ سامنے آیا ہے۔ اتر پردیش کے اعظم گڑھ میں سابق بوائے فرینڈ نے اپنی سابق محبوبہ کو قتل کرنے کے بعد اس کےآٹھ ٹکڑے کر دیے پولیس نے کیس کے مرکزی ملزم کو گرفتار کرنے کے بعد اس قتل کا انکشاف کیا ہے۔ملزم کا نام پرائس یادو ہےاعظم گڑھ کے ایس پی انوراگ آریہ نے تصدیق کی کہ اس ہفتے کے شروع میں ایک کنویں سے ایک خاتون کی سر کے بغیر لاش ملی تھی۔
بتایا جا رہا ہے کہ اس قتل میں 9 لوگ ملوث تھے جن میں سے مرکزی ملزم پرائس یادو کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے ۔اس معاملے میں ملزم 8 دیگر افراد کی بھی تلاش جاری ہے۔ جن ستا آن لائن کی خبر کے مطابق دوران تفتیش ملزم نے انکشاف کیا کہ اس کا مقتول خاتون کے ساتھ معاشقہ تھا تاہم خاتون نے دوسری جگہ شادی کر لی تھی۔ اس کے بعد اس نے اپنی محبوبہ کو ملاقات کے بہانے بلایا اور گلا دبا کر قتل کردیا۔
شردھا کے قتل کا دردناک معاملہ کچھ دن پہلے سامنے آیا تھا اور اب تک دہلی پولیس کی ٹیمیں شردھا کی لاش کے ٹکڑوں کو تلاش کرنے میں مصروف ہیں۔اعظم گڑھ کے ایس پی نے بتایا کہ پرائس یادو بیرون ملک مقیم تھا اور اس سال فروری میں لڑکی نے دوسرے شخص سے شادی کرلی۔
یادو جب بھارت واپس آیا تو اس نے لڑکی سے ملاقات کی اور اسے شادی توڑنے پر آمادہ کرنے کی کوشش کی۔ جب وہ نہ مانی تو یادو نے گزشتہ 10 نومبر کو مندر جانے کے بہانے خاتون کو باہر لے جا کر کھیت میں گلا دباکر قتل کر دیا۔اس کے بعد مقتول کی لاش کے آٹھ ٹکڑے کر کے کنویں میں پھینک دیا۔ اس نے عورت کے کپڑے بھی کنویں میں پھینکے لیکن اس کا سر قریبی تالاب میں پھینک دیا۔ انوراگ آریہ نے کہا، ’’مقتول کے کپڑے اور کچھ ہتھیار برآمد ہوئے ہیں‘‘۔