لکھنؤ:(ایجنسی)
اتر پردیش میں دوسرے مرحلے کی ووٹنگ جاری ہے۔ ادھر ریاست کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے ایس پی سربراہ پر بڑا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ اکھلیش یادو خود نہیں چاہتے کہ اعظم خاں جیل سے باہر آئیں۔ اعظم خاں باہر آئے تو اکھلیش کی کرسی خطرے میں پڑ جائے گی۔ وزیر اعلیٰ یوگی نے صحافیوں سے بات چیت میں ایس پی کے قومی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو پر بہت سنگین الزامات لگائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اعظم خاں یا دیگر کے مقدمات عدالت سے متعلق ہیں، ان کا ریاستی حکومت سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ ضمانت دینے کا حق عدالت کے پاس ہے۔
یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ سماج وادی پارٹی کے سینئر لیڈر اعظم خاں جعلسازی کے الزام میں ایک سال سے زیادہ عرصے سے سیتا پور جیل میں بند ہیں۔ اکھلیش یادو خود نہیں چاہتے کہ اعظم خاں جیل سے باہر آئیں۔ اعظم خاں باہر نکلے تو اکھلیش جی کی کرسی خطرے میں پڑ جائے گی۔ وزیر اعلیٰ یوگی نے کہا کہ اکھلیش کے خاندان کے خلاف غیر متناسب اثاثوں کا معاملہ ہے، کیا بی جے پی حکومت کے دوران ایسا ہوا؟ 2013 میں بھی بی جے پی کی حکومت نہیں تھی۔ ان کے خلاف اور بھی کئی کیس ہیں، کیا یہ بی جے پی کی وجہ سے ہے؟