لکھنؤ :(ایجنسی)
یوپی میں آج دوسرے مرحلے کی ووٹنگ جاری ہے۔ اس میں 9 اضلاع کی 55 اسمبلی سیٹوں پر ووٹنگ ہو رہی ہے۔ سہارنپور، بجنور، مرادآباد، سنبھل، رام پور، امروہہ، بدایوں، بریلی اور شاہجہاں پور اضلاع کی 55 اسمبلی سیٹوں کے لیے 2.02 کروڑ ووٹر اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں گے۔ بتا دیں کہ دوسرے مرحلے میں 9 اضلاع سے 586 امیدوار میدان میں ہیں۔
اسمولی اسمبلی میں بی جے پی امیدوار پر حملہ
سنبھل ضلع میں اسمولی اسمبلی کے بی جے پی امیدوار ہریندر عرف رنکو کی گاڑی کو اوورٹیک کرکے حملہ کیا گیا ہے۔ حملہ آور لاٹھیوں سے مسلح تھے۔ بی جے پی امیدوار کی گاڑی کی زبردست توڑ پھوڑ کی گئی۔ پولیس نے موقع سے دو افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔
ایس پی کا الیکشن کمیشن کو خط – ای وی ایم کی شکایت
دوسرے مرحلے کی پولنگ کے درمیان سماج وادی پارٹی نے الیکشن کمیشن کو خط لکھا ہے۔ اس میں ووٹنگ کے عمل میں مسائل کی شکایت کی گئی ہے۔ ای وی ایم میں خرابی کی شکایت الیکشن کمیشن سے کی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ مختلف مقامات پر ای وی ایم میں خرابی تھی۔کہا گیا ہے کہ سہارنپور، بریلی اور سنبھل کے ووٹنگ مراکز پر ای وی ایم خراب ہو گئی تھی۔
سہارنپور میں ایک گھنٹے تک لائن میں کھڑے ووٹر
یوپی میں دوسرے مرحلے کی پولنگ کے دوران سہارنپور میں ووٹنگ مشینیں کام نہیں کر رہی ہیں۔ موصولہ اطلاع کے مطابق سہارنپور دیہات اسمبلی حلقہ میں لوگ پچھلے ایک گھنٹے سے لائن میں کھڑے ہیں اور ووٹ ڈالنے کا انتظار کر رہے ہیں۔ یہاں ای وی ایم کام نہیں کر رہی ہے۔