متھرا:اترپردیش کے ضلع متھرا واقع شری کرشن جنم بھومی تنازعہ کے درمیان اکھل بھارتیہ ہندو مہاسبھا نے 6 دسمبر کو متھرا کے شاہی عیدگاہ میں لڈو گوپال کا ’جل ابھشیک‘ اور ہنومان چالیسا کا پاٹھ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ’ٹی وی 9 بھارت ورش‘ ویب سائٹ پر شائع ایک رپورٹ کے مطابق ہندو مہاسبھا کے ذریعہ کیے گئے اعلان میں کہا گیا ہے کہ 6 دسمبر کو 12.00 بجے شاہی عیدگاہ میں پہنچ کر جلابھشیک کا عمل انجام دیا جائے گا۔ ہندو مہاسبھا کی طرف سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ ہر حال میں تنظیم کے کارکنان اس کام کو مکمل کر کے ہی مانیں گے۔ ایسی خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ ہندو مہاسبھا خفیہ مقامات پر لگاتار میٹنگیں کر رہی ہے اور ان میٹنگوں مٰں 6 دسمبر کو لے کر پالیسی پر بھی تبادلہ خیال ہو رہا ہے۔
ہندو مہاسبھا کے ذریعہ کیے گئے اعلان کے بعد انتظامیہ کی نیند اڑ گئی ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق انتظامیہ کے ذریعہ کئی بار ہندو مہاسبھا سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی، لیکن اس میں انھیں ناکامی ہاتھ لگی ہے۔