نئی دہلی:
ہندوستانی مسلمانوں کی وفاقی تنظیم آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت کے صدر نوید حامد نے گزشتہ جمعہ اسرائیلی دہشت گرد فوج کے ذریعے مسجد اقصیٰ میں رمضان المبارک کے موقع پر عبادت میں مشغول پرامن فلسطینیوں پر دہشت گردانہ حملوں کی جن میں سیکڑوں نمازی زخمی ہوئے ہیں اس کی سخت مذمت کی ہے۔صدر مشاورت نے ان حملوں کو عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی، انسانیت کے خلاف جرم اور عالم اسلام کی حمیت کو چیلنج قرار دیا ہے۔صدر مشاورت نے ان حملوں اور شیخ جدہ سے فلسطینیوں کو ان کے گھروں سے جبری اور غیر قانونی طور پر نکالے جانے کا اور ان کی جائیدادوں پر غاضبانہ قبضوں کی عالمی برادری کے ذریعے فوری انکوائری کی مانگ کی ہے۔صدر مشاورت نے کہا کہ اسرائیل کی افواج کا پرامن نمازیوں جن میں بوڑھے، بچے اور خواتین سب شامل ہیں پر یہ حملے انسانی اقدار کی کھلی خلاف ورزی اور انسانیت کے خلاف جرائم کے زمرے میں آتے ہیں جس کا فوری نوٹس لیا جانا چاہئے اور ان حملوں میں شامل اسرائیلی دہشت گرد قصور وارں پر بین الاقوامی جرائم عدالت میں مقدمہ چلنا چاہئے۔ صدر مشاورت نے اس بات کا اعادہ کیا کہ فلسطینیوں کی اس آزمائش کی گھڑی میں مشاورت نہتے فلسطینی عوام جو غاضب اسرائیلی صیہونیت کے ظلم کا نشانہ بن رہے ہیں ان کے ساتھ مشاورت اپنی یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔