حیدرآباد:
زندگی اور صحت کی حفاظت ایک شرعی فریضہ ہے، نیز وبائی امراض کے پھیلاؤ کے موقع پر حفاظتی تدبیر اختیار کرنا بھی ایک ضروری عمل ہے اور خود حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے تلقین فرمائی ہے کہ جہاں وبائی مرض پھوٹ پڑا ہو، وہاں کے لوگ دوسرے مقامات پر نہ جائیں اور دوسری جگہوں کے لوگ وہاں جانے سے احتیاط کریں، اس پس منظر میں تمام مسلمان بھائیوں سے اپیل کی جاتی ہے کہ عید کے موقع سے دکانوں پر بھیڑ نہ لگائیں، بلکہ سادگی کے ساتھ عید منانے کی کوشش کریں۔ عید الفطر کی نماز میں بھی بڑے مجمع سے اجتناب کریں اور مختصر جماعتیں بنائیں۔ عید کی نماز میں دو صفوں کے درمیان ایک صف کا اور دو نمازیوں کے درمیان ایک میٹر کا فاصلہ رکھیں۔ماسک لگانے کا پورا اہتمام کریں۔ زبانی مبارک باد دینے پر اکتفا کریں، مصافحہ اور معانقہ سے اجتناب کریں۔ مختلف علاقوں میں حکومت نے جو گائیڈ لائن مقرر کی ہے، اس کی پابندی کریں۔اپیل کرنے والے سرکردہ ملی ومذہبی رہنماؤں میں مولانا سید محمد رابع حسنی ندوی(صدر آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ)، مولانا فخر الدین اشرف جیلانی(سجادہ نشیں کچھوچھ شریف)، مولاناسید محمد ارشد مدنی(صدر جمعیۃ علماء ہند)، سید سعادت اللہ حسینی(امیر جماعت اسلامی ہند)، مولانا سید محمود اسعد مدنی (جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء ہند)، مولانا اصغر علی امام مہدی سلفی(امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند)، علامہ سید کلب جواد نقوی(جنرل سکریٹری مجلس علماء ہند وامام جمعہ لکھنؤ) ،مولانا خالد سیف اللہ رحمانی (کارگزار جنرل سکریٹری آل انڈیا مسلم پرسنل لا ءبورڈ) قابل ذکر ہیں۔