لکھنؤ :(ایجنسی)
ہولی کے موقع پر اتر پردیش کے کئی شہروں میں الگ الگ کمیونٹیزمیں آپسی تصادم اور ہنگامہ آرائی کی تصویریں منظر عام پر آئی ہیں۔ پولیس نے ہفتہ، 18 مارچ کوبتایا کہ جمعرات اور جمعہ کو اتر پردیش کے مختلف اضلاع میں ہولی سے متعلق واقعات میں کم از کم دو افراد کی موت ہوئی اور بہت سے لوگ زخمی ہوئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق اترپردیش کے امروہہ میں ڈی جے بجانے پر پر جھگڑے پر پتھراؤ اور مارپیٹ کی ویڈیوز منظر عام پر آئی ہیں۔ اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی حمایت میں گانے بجانے پر تنازع ہو گیا۔ معاملہ امروہہ کے نگر کوتوالی علاقے کے چھنگا دروازہ کا بتایا جا رہا ہے۔ پولیس کے مطابق امروہہ کے کوتوالی علاقے میں ایک مسجد کے ساتھ والے خالی پلاٹ میں لوگوں کا ایک گروپ ڈی جے بجا رہا تھا۔ ایک گروپ میں مسجد سے باہر آنے کے بعد کچھ لوگوں نے موسیقی بجانے پر اعتراض کیا۔ اس پر شدید بحث شروع ہو گئی جو جلد ہی پرتشددمیں بدل گئی۔ پولیس کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر صورتحال پر قابو پالیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے چھنگا دروازہ پر بڑی تعداد میں سیکورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
بریلی
اتر پردیش کے بریلی میں حکام نے ہفتہ، 18 مارچ کو بتایا کہ ہولی کے جشن کے دوران جھڑپ میں مبینہ طور سے شامل ہونے کے لئے تین مقامی سماج وادی پارٹی اور بی جے پی کے لیڈروں پر معاملہ درج کیا گیا تھا، اس میں تین پولیس اہلکار زخمی ہوگئے تھے۔ پولیس کے مطابق جھڑپ جمعہ کو ہوئی جبکہ کچھ لوگوں نے اسلام نگر علاقے میں بریلی – نینی تال ہائی وے پر واقع ایک درگاہ پر مبینہ طور پر ’گلال ‘ پھینکا ۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعہ کے نتیجے میں بھیڑ جمع ہو گئی جس نے دوسرے فریق کی پٹائی کردی۔ پولیس نے کہاکہ کچھ دیر کے لئے حالات معمول پر آگئے تاہم شام کے وقت بڑی تعداد میں لوگ ہائی وے پر جمع ہوگئے اور ٹریفک میں خلل ڈالا۔
پولیس نے بتایا کہ مقامی ایس پی لیڈر شاداب اور تقریباً 150 دیگر کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ درگاہ پر گلال پھینکنے کے الزام میں بی جے پی لیڈر سریش گنگوار اور راہل گپتا اور 45 دیگر کے خلاف ایک اور ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔
شاملی
اتر پردیش کے شاملی ضلع میں ہولی کھیلنے کے دوران دو گروپوں کے درمیان تصادم میں 26 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس نے یہ جانکاری ہفتہ 18 مارچ کو دی۔ پولیس اسٹیشن انچارج (ایس ایچ او) انل کاپروان نے بتایا کہ یہ واقعہ جمعہ کو کیرانہ تھانہ علاقہ کے سہپت گاؤں میں پیش آیا۔
انہوں نے کہا کہ اس لڑائی میں کئی لوگ زخمی بھی ہوئے جن میں چھ افراد بھی شامل ہیں جنہیں تشویشناک حالت میں اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ دونوں گروپوں کے درمیان ہونے والی اس لڑائی میں لاٹھیوں، لوہے کی سلاخوں اور اینٹوں کا کھلے عام استعمال کیا گیا۔
امیٹھی
امیٹھی کے ایک گاؤں میں جمعہ کو ہولی منانے کے تنازع کے بعد تصادم میں دو افراد ہلاک اور چھ زخمی ہو گئے۔ ایس ایچ او دھیریندر کمار یادو نے بتایا کہ مرنے والوں کی شناخت اکھنڈ پرتاپ سنگھ (32) اور شیورام پاسی (55) کے طور پر کی گئی ہے اور یہ واقعہ جامو تھانہ علاقہ کے ریوراپور گاؤں میں پیش آیا۔ پولیس نے بتایا کہ جھڑپ کے بعد ضلع مجسٹریٹ راکیش کمار مشرا اور پولیس سپرنٹنڈنٹ دنیش گاؤں پہنچے۔
شہروں کے علاوہ ایودھیا، لکھنؤ، پریاگ راج اور سنبھل جیسے کئی شہروں میں ہولی کے دن یا اس کے اگلے دن زبردست ہنگامہ ہوا، جس میں مختلف واقعات میں کئی لوگوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔