نئی دہلی:(ایجنسی)
کانگریس نے کہا ہے کہ پارٹی کے سابق صدر راہل گاندھی کا فرضی ویڈیو نشر کرنے پر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رہنماؤں اور ٹیلی ویژن چینلوں کے اینکروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی اور انہیں ملک کی مختلف عدالتوں کے چکر لگانے پڑیں گے۔ کانگریس کے سینئر ترجمان پون کھیڑا نے ہفتہ کے روز کہا کہ بی جے پی لیڈروں اور ٹیلی ویژن چینلوں کے اینکرز جنہوں نے یہ کام کیا ہے انہیں عدالتوں کے چکر کاٹنے اور ملک کے مختلف شہروں کا دورہ کرنے کے لئے تیار رہنا چاہئے۔ کھیڑا نے ٹوئٹ کیا ’’وہ تمام بی جے پی لیڈر جنہوں نے راہل گاندھی کا فرضی ویڈیو وائرل کیا، وہ ملک کی مختلف عدالتوں کے چکر لگانے کے لیے تیار رہیں۔ انہیں کئی شہروں کی عدالتوں میں جانا پڑے گا اور جس اینکر اور چینل نے یہ جھوٹ پھیلایا ہے وہ بھی سخت قانونی کارروائی کے لیے تیار رہیں۔