لکھنؤ :(ایجنسی)
سماج وادی پارٹی کے ساتھ اتحاد میں الیکشن لڑرہے راشٹریہ لوک دل کے سربراہ جینت چودھری یوپی اسمبلی انتخاب نہیںلڑیں گے۔ چودھری نے جمعہ کو آر ایل ڈی کی قومی ایگزیکٹو میٹنگ کے دوران یہ اعلان کیا۔ جینت چودھری نے یہ اعلان ایسے وقت میںکیا ہے جب وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ اور ایس پی سربراہ اکھلیش یادو دونوں نے کہا ہے کہ وہ پارٹی کی طرف سے دی گئی سیٹ سے اسمبلی الیکشن لڑیں گے۔
ای ٹی نیوز کے مطابق آر ایل ڈی کے ایک سینئر لیڈر نے بتایا کہ جینت چودھری آئندہ اسمبلی انتخابات نہیں لڑیں گے۔ اس سے پہلے جمعہ کو جینت چودھری نے رسمی طور پر ایس پی کے ساتھ اتحاد کا اعلان کیا تھا۔ اس سے ایک دن پہلے جینت چودھری بھی اکھلیش یادو سے ملنے لکھنؤ گئے تھے۔ گونڈہ میں پریس کانفرنس کے دوران اکھلیش یادو نے میڈیا کو بتایا کہ دونوں پارٹیوں کے درمیان بات چیت ہوچکی ہے۔
جینت چودھری کے قریبی لیڈر نے کہا کہ پارٹی مغربی یوپی کے اضلاع میں 24 سیٹوں پر الیکشن لڑے گی۔ ان میں گوتم بدھ نگر، غازی آباد، مظفر نگر اور باغپت شامل ہیں۔ اس کے علاوہ سماج وادی پارٹی کے آٹھ لیڈر آر ایل ڈی کے نشان پر لڑیں گے۔ آر ایل ڈی کی میٹنگ میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ پارٹی کے سابق سربراہ اجیت سنگھ کے یوم پیدائش پر 15 جنوری سے 12 فروری تک ’گاؤں گلی دستک‘ پروگرام کا انعقاد کیا جائے گا۔
بتا دیں کہ یوگی آدتیہ ناتھ اور اکھلیش یادو کی طرح جینت چودھری نے کبھی اسمبلی الیکشن نہیں لڑا ہے۔ ذرائع کے مطابق، اگر آر ایل ڈی-ایس پی اتحاد یوپی انتخابات جیت جاتا ہے، تب بھی جینت چودھری کسی بڑے رول کا مطالبہ نہیں کریں گے کیونکہ پارٹی راجیہ سبھا میں کلیدی رول کا مطالبہ کر سکتی ہے۔