لکھنؤ : (ایجنسی)
اترپردیش میں اسمبلی انتخابات نزدیک آتے ہیں تیزی سے سرگرمیاں بڑھا رہی کانگریس -راشٹریہ لوک دل ( آر ایل ڈی) کے ساتھ گٹھ بندھن کر سکتی ہے ۔ خبروں کے مطابق ،پارٹی اس معاملے میں آر ایل ڈی کےساتھ بات چیت کر رہی ہے ۔ پارٹی کی قومی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نےہریانہ سے راجیہ سبھا رکن دپیندر ہڈا کو آر ایل ڈی چیف جینت چودھری سے بات کرنے کی ذمہ داری دی ہے ۔
ایسی اطلاعات بھی ہیں کہ دپیندر ہڈا نے اس سلسلے میں کئی بار جینت چودھری سے ملاقات کرچکے ہیں۔
دپیندر اور جینت دونوں جاٹ برادری سے آتے ہیں اور مغربی اتر پردیش میں جاٹ برادری کئی نشستوں پر طاقتور اور فیصلہ کن ہے،ایسے میں پرینکا نے سوچ سمجھ کر یہ ذمہ داری دپیندر کو سونپی ہے۔
آر ایل ڈی کی بنیاد مغربی اتر پردیش میں ہی ہے۔ چودھری چرن سنگھ یہاں سے نکل کر ملک کے وزیر اعظم کی کرسی تک پہنچے اور ان کے بعد ان کے بیٹے چودھری اجیت سنگھ اور اب پوتا جینت چودھری اپنی سیاسی میراث کو آگے بڑھا رہے ہیں۔