نئی دہلی:(ایجنسی)
کورونا وائرس کا زور فی الحال کم ہوتا نظر آ رہا ہے تاہم خطرہ ابھی ختم نہیں ہوا ہے اور ذرا سی لاپرواہی آپ کو مشکل میں ڈال سکتی ہے۔ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے بھی اس حوالے سے وارننگ جاری کی ہے۔ ڈبلیو ایچ او کا کہنا ہے کہ وبا ابھی ختم نہیں ہوئی اور ہر ہفتے پوری دنیا میں تقریباً 70 ہزار لوگ کورونا انفیکشن کے سبب اپنی جان گنوا رہے ہیں۔ ایسی صورتحال میں خطرہ مول لینا بھاری پڑ سکتا ہے۔
ہندوستان سمیت دنیا بھر میں کچھ مہینے قبل کورونا انفیکشن کے معاملوں میں زبردست اضافہ ہوا تھا اور نئے ویرینٹ اومیکرون نے خوف و ہراس پھیلا دیا تھا۔ تاہم اس ویرینٹ سے اموات کی تعداد قدرے کم رہے۔ لہذا انفیکشن جتنی تیزی سے پھیلا، اتنی ہی تیزی سے اس کا اثر ختم بھی ہونے لگا۔
دریں اثنا، ڈبلیو ایچ او نے کہا ہے کہ ایسا نہیں ہے کہ یہ وبا ختم ہو گئی ہے اور اس سے بے پروا ہونے کی ضرورت نہیں ہے، ایسا اس لئے کیونکہ افریقہ جیسے ممالک میں ابھی تک 83 فیصد لوگوں کو کورونا کی ویکسین نہیں لگی ہے۔ نیز، اومیکرون ویرینٹ کا اثر کم ضرور ہو گیا ہے لیکن ابھی مکمل طور پر ختم نہیں ہوا ہے۔
ڈبلیو ایچ او کا کہنا ہے کہ ہمیں یہ ماننا ہوگا کہ اس نئی قسم کا سراغ لگانا بہت مشکل ہے، کیونکہ اس کا پھیلاؤ بہت زیادہ ہے۔ ایسے میں احتیاط ضروری ہے کیونکہ پوری دنیا میں اب بھی ہر ہفتے تقریباً 70 ہزار لوگ کورونا انفیکشن کی وجہ سے مر رہے ہیں۔