ممبئی؍ امراوتی: (ایجنسی)
مہاراشٹر کے امراوتی میں مسلسل دوسرے دن تشدد کے بعد شہر میں کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔ اس سے پہلے ہفتے کی صبح امراوتی کے راج کمل چوک اور گاندھی چوک پر ہزاروں کی تعداد میں لوگ سڑکوں پر نکل آئے۔ ان میں سے کچھ لوگوں نے پولیس اہلکاروں پر پتھراؤ کردیا تھا۔ جواب میں پولیس نے بھی لاٹھی چارج کیا۔ اس میں کئی لوگ زخمی ہوگئے۔ صورتحال کے پیش نظر پہلے 4 دنوں کےلیے دفعہ 144 نافذ لگادی گئی ہے اور اس کے بعد کرفیو لگا دیا گیا۔ کسی بھی افواہ کو روکنے کے لیے انٹرنیٹ سروس معطل کر دی گئی ہے۔
امراوتی میں جمعہ اور ہفتہ کو ہوئے تشدد کے معاملے میں پولیس نے 20 ایف آئی آر درج کی ہیں، وہیں 20 لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ وزیر داخلہ دلیپ والسے پاٹل نے کہا کہ امراوتی کو چھوڑ کر پوری ریاست میں امن ہے۔ ہم مقامی لوگوں سے امن برقرار رکھنے کی اپیل کرتے ہیں۔ معاشرے میں فساد پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی، اگر کسی نے اکسایا تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
دریں اثناء مہاراشٹر میں تشدد کے بعد تریپورہ کے وزیر اعلیٰ بپلب دیو کے او ایس ڈی سنجے مشرا نے ایک تصویر پوسٹ کی جس میں دعویٰ کیا گیا کہ ریاست میں امن ہے۔ کچھ لوگ غیر ضروری افواہیں پھیلا رہے ہیں۔