لکھنؤ:(ایجنسی)
اتر پردیش میں اومیکرون کے خطرے اور کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے معاملات کے پیش نظر مزید پابندیاں بڑھ سکتی ہیں۔ انتخابی ریاست اتر پردیش میں کورونا دوبارہ سر اٹھا رہا ہے، اس کی بھیانک رفتار کو دیکھتے ہوئے سختی پھر بڑھے گی۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ اتر پردیش میں سنیما ہال، مال، سوئمنگ پول، جم اور پارک بند ہو سکتے ہیں۔ حالانکہ اس پر فیصلہ آج کی اہم میٹنگ میں کیا جائے گا۔ یہی نہیں دہلی اور پنجاب میں ویک اینڈ کرفیو کے اعلان کے بعد اتر پردیش میں بھی ویک اینڈ کرفیو کی ہلچل تیز ہو گئی ہے۔
ذرائع کا ماننا ہے کہ جس طرح سے کورونا وائرس کا پھیلاؤ شروع ہوا ہے، ایسے میں ویک اینڈ کرفیوکا اعلان بھی کیا جا سکتا ہے۔ لیکن چونکہ ویک اینڈ پر ہی پی ایم مودی کی انتخابی ریلی ہے، اس لیے یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ ویک اینڈ کو لے کر یوگی حکومت کا حتمی فیصلہ کیا ہوتا ہے۔ فی الحال، یوپی میں صرف رات 11 بجے سے صبح 5 بجے تک رات کا کرفیو ہے۔ لیکن آج کی میٹنگ کے بعد اس کی مدت بھی بڑھائی جا سکتی ہے۔ آج رات ہونے والی میٹنگ میں درج ذیل نکات پر اتفاق رائے ہو سکتا ہے۔
اہم بات یہ ہے کہ کورونا کے نئے ویرینٹ اومیکرون کے پھیلاؤ کو دیکھتے ہوئے یوپی کی یوگی حکومت الرٹ موڈ پر ہے۔ اتر پردیش میں 25 دسمبر سے رات کا کرفیو نافذ ہے، تاکہ کورونا ریاست میں تباہی نہ مچائے۔ اس کے علاوہ شادی کی تقریبات میں مہمانوں کی تعداد کو بھی محدود کر دیا گیا ہے۔ اس وقت یوپی میں کورونا کا قہر جاری ہے۔ لکھنؤ کے میدانتا اسپتال میں آج تقریباً 40 طبی عملہ کورونا پازیٹیو پایا گیا ہے۔