بریلی:(ایجنسی)
اتر پردیش کے آئندہ اسمبلی انتخابات سے پہلے، کانگریس نے بریلی میں نصف آبادی کولبھانے کے لیے میراتھن دوڑکا انعقاد کیا۔ پرینکا گاندھی کی مہم ‘’لڑکی ہوں لڑسکتی ہوں‘ کے تحت میراتھن دوڑ کے دوران بھگدڑ مچ گئی، جس میں کئی طالبات گر کر زخمی ہوگئیں۔ حالانکہ زخمی لڑکیوں میں سے زیادہ تر کو معمولی چوٹیں آئی ہیں، جبکہ 3 لڑکیوں کو ایمبولینس کے ذریعے علاج کے لیے ضلع اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ وہ تینوں بھی کچھ دیر بعد میراتھن پروگرام میں شامل ہو گئیں۔
کانگریس کی اس میراتھن دوڑ میں زبردست انتظامات دیکھے گئے۔ میراتھن ریس میں شہر سے لے کر دیہی علاقوں تک کی دس ہزار لڑکیوں نے حصہ لیا۔ کانگریس کی میراتھن دوڑ بشپ منڈل سے شروع ہوئی اور پٹیل چوک گاندھی ادیان سے ہوتی ہوئی بشپ منڈل گراؤنڈ پر اختتام پذیر ہوئی۔ بھوجی پورہ کی رہنے والی ونیتا نے کانگریس کی میراتھن دوڑ میں پہلا مقام حاصل کیا۔ کانگریس کی ٹیم نے ونیتا کو تحفے کے طور پر اسکوٹی سے نوازا۔
کانگریس کی میراتھن دوڑ پر کانگریس لیڈروں کا کہنا ہے کہ میراتھن دوڑ نصف آبادی کو ساتھ لے کر چلائی جا رہی ہے۔ آج ہمارے چھوٹے بچے بھی اس میں شامل ہو رہے ہیں، جس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ یوپی کی بی جے پی حکومت بستر باندھ کر رخصتی کی طرف بڑھ رہی ہے۔ خواتین کی طاقت سے آنے والے وقت میں کانگریس یوپی میں حکومت بنائے گی۔