دیوبند(سمیر چودھری)
گزشتہ دو سالوں سے عالمی شہرت یافتہ عظیم دینی دانش گاہ دارالعلوم دیوبند میں داخلہ کی خواہش رکھنے والے طلباء کو دارالعلوم دیوبند کی انتظامیہ نے خوشخبری دی ہے، دو سال کے توقف کے بعد آخرکار دارالعلوم دیوبند نے جدید داخلوں کا اعلان کردیا ہے۔آئندہ سال (بعد رمضان) سبھی جماعتوں میں دارالعلوم دیوبند کی مجلس تعلیمی نے جدید داخلے لینے کا فیصلہ لیا ہے۔ اس سلسلے میں باضابطہ طور پر دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی نے اعلان جاری کیا ہے۔
مہتمم مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی کی جانب سے جاری اعلان میں کہا گیا ہے کہ حسب تجویز مجلس تعلیمی ان شاء اللہ آئندہ تعلیمی سال کے لیے جد ید طلبہ کا داخلہ لیا جائے گا۔ داخلہ کے لیے آنے والے جدید طلبہ ہدایات کے مطابق دارالعلوم دیوبند کا سفر کریں۔انہوںنے کہاکہ جد یدطلبہ امتحان داخلہ کے لیے رمضان المبارک میں دارالعلوم کا سفر نہ کریں بلکہ اپنے مقام پر ہی رہ کر امتحان کی تیاری مکمل کریں۔امتحان داخلہ حسب سابق 7؍شوال المکرم 1443ھ مطابق 9 مئی 2022 بروز پیر شروع ہوگا۔
فارسی برائے اول عر بی تا سوم برائے چہارم عربی کے لیے درخواست داخلہ کی تقسیم 6؍ شوال المکر م1443ھ مطابق 4 مئی 2022 بدھ سے 5شوال المکرم مطابق 7 مئی 2022 ہفتہ تک ہوگی۔چہارم برائے پنجم عربی تا ہفتم برائے دورہ حدیث شریف کے لیے درخواست داخلہ کی تقسیم2؍ شوال المکرم 1443ھ مطابق 4 مئی بدھ سے 6شوال المکرم 1143ھ مطابق 8 مئی 2022 اتوار تک ہوگی اور داخلہ امتحان 9؍ مئی سے شروع ہوںگے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دو سالوں سے کووڈ کے سبب دارالعلوم دیوبند میں جدید داخلے نہیں ہوئے ہیں،جس کے سبب سبھی تعلیمی اداروں میں زبردست تعلیمی نقصان ہوا ہے، حالات کے سبب انتظامیہ نے حکومت کی گائیڈ لائن کے مطابق بدرجہ مجبوری یہ فیصلہ لیا تھا، لیکن اب ایک مرتبہ پھر ادارے کی مجلس تعلیمی کی طرف سے جدید داخلے لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ جس کے بعد ادارہ میں داخلے کی خواہش رکھنے والے طلباء میں خوشی محسوس کی جارہی ہے۔