دہلی : دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے بتایا کہ آخر گجرات الیکشن اور دہلی میونسپل کارپوریشن الیکشن میں سے کون بڑا چیلنج ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہر الیکشن ایک چیلنج ہے ۔ کسی بھی الیکشن کو ہلکے میں نہیں لینا چاہئے اور میں سمجھتا ہوں کہ الیکشن ایک موقع ہوتا ہے عوام سے بات کرنے کا ، عوام کے سامنے اپنی باتیں رکھنے کا ، اپنا ایجنڈہ رکھنے کا تو ہر الیکشن اچھا ہوتا ہے اور چیلنج ہوتا ہے ۔
دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے نیوز18 انڈیا کے اینکر کشور اجوانی سے خاص بات چیت میں کہا کہ عوام مالک ہیں، ہمیں غرور نہیں کرنا چاہئے، لیکن مجھے عوام کا موڈ دیکھ کر لگ رہا ہے کہ دونوں جگہ اے اے پی کو جیتنا چاہئے ۔ یہ پوچھنے پر کہ بی جے پی بھی جیت کا دعوی کررہی ہے، وزیر اعلی کیجریوال نے کہا کہ اب نتائج ہی بتائیں گے، ہم بھی محنت کررہے ہیں اور وہ بھی محنت کررہے ہیں ۔
اس سوال کے جواب میں کہ آپ کا کیا ٹارگیٹ ہے، کیجریوال نے کہا کہ ہمارا ٹارگیٹ نہیں ہے ۔ ٹارگیٹ عوام طے کرتے ہیں، لیکن ہمارے سروے میں نظر آرہا ہے کہ ہمیں ایم سی ڈی میں اکثریت ملنی چاہئے ۔ 250 میں سے 230 سیٹیں آنی چاہئے ۔ ایسا مجھے لگتا ہے ۔ گجرات میں سرکار بننی چاہئے ، گجرات میں 92 سے زیادہ ہونا چاہئے ۔ لوگوں کو یقین نہیں ہورہا ۔