لکھنؤ ؍ ڈومریا گنج :(ایجنسی)
الیکشن کمیشن نے بی جے پی کے متنازع ایم ایل اے راگھویندر سنگھ کی انتخابی مہم پر 24 گھنٹے کی پابندی عائد کر دی ہے، جو یوپی کی ڈومریا گنج اسمبلی سیٹ سے الیکشن لڑ رہے ہیں۔ راگھویندر سنگھ نے ایک متنازع تقریر کی تھی جس میں انہوں نے کہا تھاکہ جو ہندو انہیں ووٹ نہیں دے گا اس کی رگوں میں مسلمانوں کا خون ہے۔ یہ تقریر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی۔ عام آدمی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ نے مثالی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی اور سماج میں نفرت پھیلانے پر بی جے پی ایم ایل اے پر پابندی لگانے کا الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا تھا۔
ریٹرننگ افسر دیپک مینا نے کہا کہ پابندی پیر کی صبح 6 بجے سے نافذ ہوگی اور منگل کی صبح 6 بجے ختم ہوگی۔ اس دوران راگھویندر سنگھ کو انتخابی مہم چلانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ بی جے پی ایم ایل اے نے اپنے فیس بک پوسٹ پر لکھا کہ پابندی ان کے مخالفین کی سازش ہے۔ انہوں نے لکھا کہ ڈومریا گنج کے عوام 3 مارچ کو ووٹ دے کر اپوزیشن کو منہ توڑ جواب دیں گے۔ راگھویندر سنگھ اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کی طرف سے قائم کردہ تنظیم ہندو واہنی کے انچارج بھی ہیں۔