دنیا بھر میں انٹرنیٹ کی صورت حال پر نظر رکھنے والے ادارے نے منگل کو جاری ہونے والی اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ 2022 میں انٹرنیٹ تک رسائی روکنے کے سب سے زیادہ واقعات بھارت میں ہوئے۔
انٹرنیٹ شٹ ڈاؤن میں اولیت صرف پچھلے سال تک ہی محدود نہیں ہے بلکہ بھارت میں گزشتہ پانچ برسوں کے دوران دنیا بھر میں سب سے زیادہ تعداد میں انٹرنیٹ کو عوام کے لیے بند کیا گیا ہے۔
وائس آف امریکہ کی مطابق نیویارک میں قائم’ ڈیجیٹل رائٹس ایڈووکیسی گروپ‘ نے منگل کو شائع ہونے والی اپنی ایک رپورٹ میں کہا کہ عالمی سطح پر ریکارڈ کے گئے انٹرنیٹ بند کرنے کے 187 واقعات میں سے 84 صرف بھارت میں ہوئے۔گرچہ گزشتہ سال بھارت انٹرنیٹ تک رسائی بند کرنے میں ایک بار پھر دنیا میں سر فہرست رہا ہے، لیکن 2022 میں 2017 کے بعد سے ملک میں انٹرنیٹ تک رسائی روکنے کے 100 سے کم واقعات ہوئے ہیں۔
اس فہرست میں بھارت کے بعد دوسرے نمبر پر یوکرین ہے جہاں گزشتہ سال 24 فروری کو روس کے حملے کے بعد سے روسی فوج نے کم ازکم 22 بار انٹرنیٹ تک رسائی بند کی اور واچ ڈاگ کی رپورٹ کے مطابق ٹیلی کمیونیکشن کے بنیادی ڈھانچے کو جان بوجھ کر تباہ کیا۔
اس فہرست میں یوکرین کے بعد تیسرے نمبر ایران ہے، جہاں حکام نے حکومت کے خلاف مظاہروں کو کچلنے کے لیے 2022 میں 18 بار انٹرنیٹ تک رسائی کو روکا