نئی دہلی:ہندوتو کی طرف چھکاؤ کے لیے مشہورانڈیا ٹی وی کو ایک بار پھر معافی مانگنی پڑی۔اس نے پی ایم کے بیان کو کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے سے منسوب کر دیا۔ تاہم پارٹی کی جانب سے اعتراض کرنے اور انتباہ دینے کے بعد چینل نے معذرت کر لی۔
خیال رہے کہ انڈیا ٹی وی نے ایک ٹوئٹ کیا تھا، جس کا پوسٹر سوشل میڈیا پر وائرل ہور رہا تھا۔ اس پوسٹر میں کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے کی ایک تصویر کے ساتھ اس بیان کا حوالہ دیا گیا ہے کہ ’’بھارت میں پیدا ہونا بہت بڑا گناہ ہے۔‘‘ پوسٹر کے ذریعے بتایا گیا ہے کہ یہ بیان کھڑگے نے دیا ہے، جبکہ یہ غلط ہے۔
کانگریس نے بتایا کہ انڈیا ٹی وی کی تخلیقی اور سوشل میڈیا ٹیم کے خلاف کانگریس صدر کی تصویر کا استعمال کرتے ہوئے فرضی خبریں پھیلانے کے لیے شکایت درج کی جا رہی ہے۔ کانگریس نے کہا کہ انڈیا ٹی وی یا تو معافی مانگے اور اسے ڈیلیٹ کرے یا پھر قانونی کارروائی کے لیے تیار رہے۔ جس کے بعد انڈیا ٹی وی نے اپنا پرانا ٹوئٹ ڈیلیٹ کر دیا اور اپنے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل سے معافی نامہ ٹوئٹ کیا۔ چینل کی طرف سے لکھا گیا ’’تصحیح: ملکارجن کھڑگے کے بارے میں ایک غلط ٹوئٹ کیا گیا تھا اور جو کہ ملکارجن کھڑگے کا بیان نہیں تھا، جس پر ہمیں افسوس ہے۔‘‘