ایک با خبر ذریعے نے آج اتوار کو بتایا ہے کہ آدھے گھنٹے تک جاری رہنے والی فون کال میں امریکی صدر جو بائیڈن نے اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو سے کہا ہے کہ وہ ایران کے حملے کا جواب نہ دیں۔
وائٹ ہاؤس نے اعلان کیا کہ بائیڈن اور نیتن یاہو نے فون پراس وقت بات کی جب ایران نے اسرائیل پر ڈرونز اور میزائلوں سے حملہ کیا-
اس کے علاوہ دوامریکی عہدیداروں نے ’این بی سی‘ کو بتایا کہ سینیرامریکی عہدیداروں میں ممکنہ اثرات کے بارے میں سوچے بغیر ایرانی حملے پر اسرائیلی ردعمل کے بارے میں تشویش پائی جاتی ہے۔
ذرائع نے ’این بی سی‘ کو بتایا کہ بائیڈن نے نجی گفتگو میں اپنی تشویش کا اظہار کیا کہ نیتن یاہو امریکہ کو ایک وسیع تر تنازعے میں گھسیٹنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ایک اور اطلاع کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن نے اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو کو صاف صاف بتا دیا کہ ایران پر جارحانہ آپریشن میں حصہ نہیں لیں گے۔ایک امریکی عہدیدار نے امریکی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جو بائیڈن نے اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو پر واضح کر دیا ہے کہ ایران پر جارحانہ آپریشن میں حصہ نہیں لیں گے۔