نئی دہلی:(ایجنسی)
دہلی پولیس کے اسپیشل سیل نے دہلی میں جہانگیر پوری تشدد معاملے میں ایک اہم گرفتاری کی ہے۔ دہلی پولیس نے تشدد کے ملزم فرید عرف نیٹوکو گرفتار کیا ہے۔ فرید جہانگیر پوری تشدد کا مجرم قرار دیا گیا ہے۔ اسپیشل سیل نے اسے کولکاتا سے گرفتار کیا ہے۔ اسپیشل سیل کے ذرائع کے مطابق جب جہانگیر پوری میں پتھراؤ ہوا تو اس ملزم نے بھیڑ کو اکسایا اور افواہیں پھیلائیں۔ اس نے ہی جم کر تشدد کرنے میں اہم رول ادا کی تھی۔ جس کے بعد یہ کولکاتا بھاگ گیا تھا ۔
خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی نے ایک ذرائع کے حوالے سے کہا، ‘وہ فرقہ وارانہ فسادات میں بہت فعال طور پر شامل تھا اور اس نے اہم کردار ادا کیا۔ ہماری کئی ٹیمیں مغربی بنگال میں تعینات تھیں اور اسے جمعرات کو تملوک گاؤں میں اس کے رشتہ دار کے گھر سے گرفتار کیا گیا۔ انہیں آج ہوائی جہاز سے دہلی لایا جا رہا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ ملزم ہنگامہ آرائی کے بعد موقع سے فرار ہوگیا تھا اور اس کے بعد سے وہ مسلسل اپنے ٹھکانے بدل رہا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ ملزم مغربی بنگال میں ایک جگہ سے دوسری جگہ گھوم رہا تھا۔ ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ 2010 سے اب تک ان کے خلاف ڈکیتی، چوری اور آرمس ایکٹ کے تحت چھ مقدمات درج ہیں اور وہ جہانگیر پوری کے علاقے کا ہسٹری شیٹر ہے۔
16 اپریل کو ہنومان جینتی کے موقع پر نکالی گئی ’شوبھا یاترا‘ کے دوران قومی راجدھانی کے جہانگیر پوری علاقے میں دو برادریوں کے درمیان جھڑپیں ہوئیں جس میں آٹھ پولیس اہلکار اور ایک عام آدمی زخمی ہو گیا۔ پولیس نے اس معاملے میں پانچ ملزمان کے خلاف سخت قومی سلامتی ایکٹ کے تحت کارروائی کی ہے۔