نئی دہلی :(ایجنسی)
دہلی کے جہانگیر پوری میں منگل کی رات ایک بار پھر پتھراؤ کا واقعہ پیش آیا۔ پولیس نے اس معاملے میں دو لوگوں کو گرفتار کرلیا ہے۔ واقعے کی ایک سی سی ٹی وی ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں کچھ نوجوانوں کو پتھراؤ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
اس واقعہ کے بعد علاقے میں ایک بار پھر خوف و ہراس کا ماحول ہے اور اس کے پیش نظر پولیس بھی چوکس ہے۔
پتھراؤ کے دوران کئی گاڑیوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔ پولیس نے کہا ہے کہ اس معاملے میں دو لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے اور باقی کی گرفتاری کی جا رہی ہے۔
ڈی سی پی نارتھ ویسٹ اوشا رنگنانی نے کہا کہمار پیٹ اور پتھراؤ کا یہ واقعہ پی ایس مہیندر پارک علاقہ میں پیش آیا۔ ظہیر اور اس کے دوست منگل کی رات 2 لڑکوں کی تلاش میں آئے تھے۔ وہ نشے میں تھے اور انہوں نے پتھراؤ کیا جس میں 3 گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔
ڈی سی پی نے کہا ہے کہ اس معاملے میں کوئی فرقہ وارانہ زاویہ نہیں ہے اور یہ دو گروہوں کے مجرموں کے درمیان لڑائی کا نتیجہ ہے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور سی سی ٹی وی ویڈیو بھی جانچ کی۔
مقامی لوگوں نے نیوز 18 کو بتایا کہ کچھ لڑکے ہاتھوں میں تلواریں، پتھر لیے ہوئے تھے اور وہ لوگوں کے گھروں پر پتھر پھینک رہے تھے۔ تھوڑی دیر بعد دوسرا گروہ آیا اور یہاں کھڑی گاڑیوں کے شیشے توڑ کر فرار ہو گئے۔
بتا دیں کہ اپریل کے مہینے میں جہانگیر پوری میں ہنومان جینتی کے جلوس کے دوران دو برادریوں کے لوگ آمنے سامنے ہو گئے تھے۔ اس دوران پتھراؤ کا ایک واقعہ بھی پیش آیا تھا اور فرقہ وارانہ تصادم میں کئی لوگ زخمی ہوگئے تھے۔
اس کے بعد ایم سی ڈی نے جہانگیر پوری میں بلڈوزر چلا دیا تھا اور اس کو لے کر سیاسی ماحول کافی گرم ہو گیاتھا کیونکہ تمام سیاسی پارٹیوں کے لیڈر جہانگیر پوری پہنچ چکے تھے۔ جہانگیرپوری میں غیر قانونی تعمیرات گرانے کا معاملہ سپریم کورٹ تک جا پہنچا تھا۔