نئی دہلی :(ایجنسی)
بی جے پی کی سابق ترجمان نوپور شرما کے پیغمبر اسلام پر قابل اعتراض ریمارکس کا معاملہ لگاتار بڑھتا جا رہا ہے۔ اب اس تنازعہ میں بھیم سینا بھی کود پڑی ہے۔ بھیم سینا چیف نواب ستیہ پال تنور نے بدھ کو نوپور شرما کی زبان کاٹنے والے کو ایک کروڑ روپے انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔ بھیم سینا نے نوپور شرما پر کانپور تشدد کی ماسٹر مائنڈ ہونے کا الزام لگایا ہے۔
لائیو ہندوستان کی خبر کے مطابق بھیم سینا کے فاؤنڈر اور قومی صدر نواب ستیہ پال تنور نے الزام لگایا کہ نوپور شرما نے پیغمبراسلامؐ کی شان میں گستاخی کی ہے جس سے کروڑوں مسلمانوں کو تکلیف پہنچی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ مودی حکومت جان بوجھ کر نوپور شرما کو گرفتار نہیں کر رہی ہے۔ تنور نے یوگی حکومت پر یہ سوال بھی اٹھایا کہ نوپور شرما کانپور فسادات کی اصل ماسٹر مائنڈ ہے تو یوگی حکومت نے انہیں ملزم کیوں نہیں بنایا؟
ستیہ پال تنور نے کہا کہ نوپور شرما جیسی لیڈر کو سماج میں رہنے کا کوئی حق نہیں ہے۔ انہیں فوراً جیل بھیج دیا جائے یا ملک سے باہر پھینک دیا جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ نوپور شرما کے اس قابل اعتراض ریمارکس سے پوری دنیا میں ہندوستان کی بدنامی ہو رہی ہے۔
غور طلب ہے کہ نوپور شرما نے حال ہی میں ایک ٹی وی ڈیبیٹ کے دوران پیغمبر اسلام محمدؐ کے خلاف قابل اعتراض تبصرہ کیا تھا۔ ہر طرف دباؤ کے بعد بی جے پی نے انہیں پارٹی سے معطل کر دیا ہے۔ کئی بنیاد پرست نوپور شرما کو دھمکیاں بھی دے رہے ہیں۔ دہلی پولیس نے بڑھتے ہوئے خطرے کے پیش نظر نوپور کو سیکورٹی فراہم کی ہے۔