حیدر آباد :(ایجنسی)
حیدرآباد پولیس نے تلنگانہ کے متنازع بی جے پی ایم ایل اے راجہ سنگھ کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔ ان پر ہتک آمیز ریمارکس کے ذریعے ایک مخصوص کمیونٹی کے مذہبی عقائد کو ٹھیس پہنچانے کا الزام ہے۔ راجہ سنگھ تلنگانہ کے گوشا محل سے ایم ایل اے ہیں۔ راجہ سنگھ پر ماضی میں بھی ایک خاص برادری کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے کا الزام ہے۔
یہ معاملہ کنچن باغ پولیس اسٹیشن میں آئی پی سی کی دفعہ 295A کے تحت درج کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں حیدرآباد کے محمد علی کی شکایت پر مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ شکایت کنندہ پیشے سے تاجر ہے۔
کنچن باغ پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر پی اوما مہیشور راؤ نے کہا، ’’ہم نے بی جے پی ایم ایل اے راجہ سنگھ کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔ کنچن باغ کے رہنے والے محمد علی نامی شخص نے راجہ سنگھ کے خلاف مذہبی جذبات کو مجروح کر نے کی شکایت کی ہے۔
علی نے اپنی شکایت میں کہا کہ بی جے پی ایم ایل اے راجہ سنگھ کا ایک ویڈیو وائرل ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ویڈیو میں ایم ایل اے راجہ سنگھ ایسے بیانات دے رہے ہیں جس سے ایک خاص کمیونٹی کے مذہبی عقائد کو ٹھیس پہنچتی ہے۔ ہم معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ ویڈیو کی صداقت کی تصدیق ہونا ابھی باقی ہے۔ ویڈیو کی تاریخ اور وقت کی بھی تصدیق نہیں کی گئی۔ معاملہ زیر تفتیش ہے۔