کیرل :
کیرل ہائی کورٹ نے 17 جون کو لکش دیپ کی فلمساز عائشہ سلطان کو ان پر درج کئے گئے ملک سے غداری کے مقدمے میں عبوری ضمانت دے دی ہے ۔ عائشہ پر لکش دیپ کے ایڈمنسٹریٹر پر متنازع تبصرہ کرنے کے بعد ملک سے غداری کا کیس درج کیا گیا تھا۔ کیرل ہائی کورٹ میں عبوری ـضمانت عرضی کی سماعت جسٹس اشوک مینن کی سنگل بنچ نے کی۔ کورٹ نے اپنا حتمی فیصلہ محفوظ رکھاہے ۔
لائیو لاء کے مطابق کورٹ نے حکم دیا کہ عائشہ کو کاراوٹی پولیس اسٹیشن میں نوٹس کے تحت 20 جون کو تفتیش کے لیے جانا ہوگا ،حالانکہ کورٹ نے کہاکہ اگر انہیں گرفتار کیا جاتا ہے تو انہیں فوراً ضمانت پر رہا کیاجائے گا۔
عائشہ نے کاراوٹی پولیس اسٹیشن کی درج کی گئی ایف آئی آر کے بعد گرفتاری سے تحفظ پانے کے لیے کورٹ کی پناہ لی تھی۔ یہ کیس بی جے پی کارکنان کی شکایت کے بعد درج کی گئی تھی ۔ الزام تھاکہ عائشہ نے ٹی وی ڈبیٹ کے دوران لکش دیپ کے ایڈمنسٹریٹر کو ’ بایو ویپن ‘ کہا تھا۔
عائشہ کے وکیل نے بتایا کہ ان کا بیان لکش دیپ کے نئے ایڈمنسٹریٹر کے کام کاج سے متعلق تھا ، ان کے فیصلوں کی وجہ سے جزیرہ پر ہو رہی پریشانیوں کے لیے عائشہ نے بات کہی تھی ۔ وکیل نے کہاکہ وہ چینل میں ڈبیٹ کے دوران گرمجوشی میں کہہ گئی تھیں۔ انہوں نے کہاکہ سلطان نے اس پر صفائی دی ہے اور معافی بھی مانگی ہے ۔