نئ دہلی( ایجنسی )سی بی آئی نے اتوار کو دہلی کے نائب وزیر اعلی منیش سسودیا اور 13 دیگر کے خلاف ایک لک آؤٹ سرکلر جاری کیا۔ یہ سرکلر دہلی ایکسائز پالیسی کے نفاذ میں مبینہ بدعنوانی کے سلسلے میں ان کے خلاف مارے گئے چھاپوں کے بعد جاری کیا گیا ہے۔ لک آؤٹ سرکلر جاری ہونے کا مطلب ہے کہ وہ اب ملک نہیں چھوڑ سکتے۔ اس معاملے میں منیش سسودیا سمیت 14 لوگوں کو سی بی آئی نے درج ایف آئی آر میں نامزد کیا ہے۔ مجموعی طور پر منیش سسودیا کو 15 ملزمان میں سے نمبر ایک ملزم بنایا گیا ہے۔
ان پر بدعنوانی، مجرمانہ سازش اور اکاؤنٹس میں جعلسازی کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ سی بی آئی نے جمعہ کو دہلی کی ایکسائز پالیسی میں مبینہ بدعنوانی کے سلسلے میں ایف آئی آر درج کرنے کے بعد سسودیا اور آئی اے ایس افسر اروا گوپی کرشنا کے علاوہ کم از کم 29 دیگر مقامات پر چھاپے مارے تھے۔سسودیا نے ٹویٹ کرکے کہا ہے کہ میں کھلے عام گھوم رہا ہوں مودی جی ،بتایے کہاں آنا ہے